کراچی میں ایک چینی شہری کو ٹیکسی ڈرائیور نے غلط فہمی کی بنیاد پر کٹی پہاڑی پہنچا دیا۔
علاقہ پولیس کے مطابق چینی شہری کے کٹی پہاڑی پر گھومنے کی اطلاع ملی تھی، جسے اب اس کے گیسٹ ہاؤس پہنچا دیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اطلاع ملنے پر ایس ایچ او شاہراہِ نورجہاں چینی شہری کو تھانے لے آئے۔
علاقہ پولیس کا کہنا ہے کہ چینی شہری کا نام ماؤ فینکن ہے اور وہ بزنس ویزے پر پاکستان آیا ہوا ہے۔
علاقہ پولیس نے بتایا کہ چینی شہری ماؤ فینکن ایئر پورٹ سے غلط فہمی کی وجہ سے کٹی پہاڑی پہنچ گیا تھا۔
پولیس حکام کے مطابق چینی باشندے کو اردو اور انگریزی زبان نہیں آتی، اس کے پاس سے گیسٹ ہاؤس کی بکنگ کی رسید ملی، رسید میں موجود پتے پر چینی باشندے کو گیسٹ ہاؤس پہنچا دیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ چینی شہری سے ٹیکسی ڈرائیور سے متعلق معلومات لینےکی کوشش کی ہے، تاہم وہ زبان اور علاقے کی معلومات نہ ہونے کی وجہ سے کچھ بتا نہیں سکا۔