• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان ایشیاء کی بہترین ٹیموں کیخلاف کھیلے، سیگفرائیڈ ایکمین

پاکستان ہاکی ٹیم کے ہیڈکوچ سیگفرائیڈ ایکمین نے کہا ہے کہ ایشین چیمپئنز ٹرافی میں ملائشیا کے شرکت نہ کرنے سے مایوسی ہوئی، چاہتا ہوں پاکستان ایشیاء کی بہترین ٹیموں کے خلاف کھیلے۔

ایک بیان میں ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ میرا پہلا اسائنمنٹ ہے کہ پاکستان ٹیم کی خامیوں کا جائزہ لوں گا، ایونٹ میں جانچ کروں گا ہمیں کن شعبوں میں بہتری لانی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تمام ایشیائی ٹیموں کے خلاف مقابلے کی صلاحیت ہے، ملائشیا پاکستان کے لئے اچھا ہدف تھا، ملائشیا کی شرکت سے مقابلے کی فضا مزید بہتر ہوتی۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملائشین ٹیم کے کھلاڑیوں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔

واضح رہے کہ ملائیشین ہاکی کنفیڈریشن نے بنگلا دیش میں ہونے والی ایشین چیمپئنز ٹرافی میں شرکت سے معذرت کرلی ہے۔ 

ایشین ہاکی فیڈریشن کے مطابق سینئر ملائیشین کھلاڑی کا حال ہی میں کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا، ٹیم کو مکمل طور پر قرنطینہ کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب ایشین ہاکی فیڈریشن کے مطابق نئی صورتحال کے تناظر میں ایونٹ میچز کا نیا شیڈول جاری کیا جائے گا کیونکہ اب ایونٹ میں 6 کے بجائے 5 ٹیمیں کھیل رہی ہیں جن میں بنگلا دیش، پاکستان، بھارت، کوریا اور جاپان شامل ہیں۔

پاکستان ہاکی ٹیم اپنا پہلا میچ 14 دسمبر کو جاپان کیخلاف کھیلے گی جبکہ 16 دسمبر کو روایتی حریف بھارت کیساتھ میچ ہوگا۔

تازہ ترین