چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں سندھ کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان بلاول ہاؤس کے مطابق اجلاس میں پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے سے متعلق بات چیت ہوئی جبکہ بلاول بھٹو زرداری کو سندھ میں بلدیاتی نظام کے قانون پر بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ سندھ کے بلدیاتی نظام میں نمائندوں کو مالیاتی اختیارات دیے گئے ہیں، بلدیاتی نظام میں عوامی نمائندوں کے انتظامی اختیارات میں توسیع دی گئی۔
بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ ایس بی سی اے، واٹر بورڈ سمیت مختلف اداروں کو نمائندوں کے سامنے جوابدہ بنایا گیا ہے جبکہ صحت، تعلیم، امن عامہ کے شعبے بھی بلدیاتی نمائندوں کے سامنے جوابدہ ہوں گے۔
ترجمان بلاول ہاؤس کے مطابق اجلاس کے شرکاء نے سندھ کے بلدیاتی نظام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ نئے بلدیاتی نظام کے ساتھ عوامی نمائندوں کو مزید اختیارات دینا خوش آئند ہے۔