• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت کی ہرناز کور سندھو نے مس یونیورس کا تاج اپنے نام کرلیا

تل ابیب (مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت نے مس یونیورس 2021 کا ٹائٹل اکیس سال بعد اپنے نام کرلیا۔یہ اعزاز بھارت کی ہرناز کور سندھو نےحاصل کیا جنہوں نے 79 ممالک کی حسیناؤں کو پیچھے چھوڑ کر مس یونیورس کا تاج اپنے نام کیا میکسیکو کی سابق مس یونیورس نے ہرناز سندھو کو مس یونیورس 2021 کا تاج پہنایااور ساتھ ہی وہ مس یونیورس کا خطاب جیتنے والی تیسری بھارتی لڑکی بھی بن گئیں۔70واں مس یونیورس مقابلہ 12 دسمبر کو اسرائیل میں منعقد ہوا جس کی رنر اپ مس پیراگوئے نادیہ فریرا اور سیکنڈ رنر اپ مس ساؤتھ افریقہ لالیلا مسوانے تھیں۔ہرناز سندھو نے اپنے مقابلہ حسن کا سفر اس وقت شروع کیا جب وہ صرف 17 سال کی تھیں۔ وہ اس سے قبل مس دیوا 2021، فیمینا مس انڈیا پنجاب 2019 کا تاج پہن چکی ہیں اور انہوں نے فیمینا مس انڈیا 2019 میں ٹاپ 12 میں بھی جگہ بنائی ۔چندی گڑھ سے تعلق رکھنے والی 21 سالہ ماڈل پنجابی فلموں میں بھی کام کر چکی ہیں۔پنجاب کے چندی گڑھ کی رہائشی ہرناز سندھو پیشے کے اعتبار سے ماڈل ہیں۔ انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم شیوالک پبلک اسکول چندی گڑھ سے حاصل کی۔ ہرناز چندی گڑھ سے گریجویشن کرنے کے بعد ان دنوں ماسٹرز مکمل کر رہی ہیں۔یاد رہے سب سے زیادہ 8 بار امریکا کی حسینائیں مس یونیورس بنیں، اس سال دنیا بھر کی 80 ممالک کی حسینائیں میدان میں آئیں۔ بھارت سب سے زیادہ 6 بار مس ورلڈ کا ٹائٹل بھی جیت چکا ہے، ریٹا فاریا 1966 میں مس ورلڈ منتخب ہوئیں، 1994 میں ایشوریہ رائے نے مس ورلڈ کا ٹائٹل جیتا، 1997 میں ڈیانا ہیڈن مس ورلڈ قرار پائیں۔ 1999 میں یہ خطاب یوکتا مکھی کو ملا اور 2000 میں پریانکا چوپڑا نے ملکہ حسن کا اعزاز جیتا۔ جبکہ 2017 میں منوشی چلر ملکہ حسن منتخب ہوئیں۔مس ورلڈ کا مقابلہ لندن سے 1951 میں شروع ہوا۔ ہر سال مس ورلڈ لمیٹڈ، اس مقابلے کا انعقاد کرتا ہے۔ جبکہ مس یونیورس کا مقابلہ امریکی کمپنی مس یونیورس آرگنائزیشن نے 1952 میں نیویارک شہر میں شروع کیا۔

تازہ ترین