راولپنڈی (نمائندہ جنگ ‘ ایجنسیاں) وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ اپوزیشن قانون کو ہاتھ میں نہیں لے گی تو قانون بھی اس کو کچھ نہیں کہے گا ، اپوزیشن 23کی بجائے 30مارچ کو اپنا پروگرام رکھے ، 23مارچ کو یہاں پریڈ ہوتی ہے ‘ ایسے میں اگر کوئی بدمزگی ہوگی تو اس کے ذمہ دار یہ ہوں گے‘ کالعدم تنظیموں سے مذاکرات کے حوالے سے ابھی کوئی بات حتمی نہیں‘ جو پاکستان کے جھنڈے تلے آئے، امن سے رہنے کی ذمہ داری لے اس سے بات ہوسکتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہاکہ اپوزیشن پہلے ای وی ایم اورپھر الیکشن میں دھاندلی کا شور مچائے گی‘اپوزیشن ووٹنگ مشین پر پھڈا ڈالے، حکومت تیار ہے‘پی ڈی ایم ٹائیں ٹائیں فش ہوچکی ہے‘مرنے کے بعد سیاسی مخالفین میرا کفن کھول کر دیکھیں گے مرا ہے کہ نہیں۔