کراچی (اسٹاف رپورٹر) چین کی چیری آٹو کمپنی گندھارا نسان کے اشتراک سے پاکستان میں جدید ترین گاڑیاں بنائے گی ، تفصیلات کے مطابق چین کی نمبر ون گاڑیاں برآمد کرنے والی کمپنی چیری آٹو موبائل کمپنی نے پاکستان میں جدید ترین جنریشن Tiggo سیریز SUVکی مقامی پیداوارکیلئے ملک کی نامو رکمپنی گندھارا نسان(Ghandhara Nissan) کے ساتھ اشتراک کیا ہے۔گندھارا نسان کی جانب سے ابتدائی4 سالوں میں 10 ملین ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری اس صنعت کو فروغ دینے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں مدد فراہم کرے گی۔ چیری پاکستان بھر میں 8ڈیلرز کے ابتدائی ڈیلرشپ نیٹ ورک اورسالانہ16000یونٹس کی پیداواری صلاحیت کے ساتھ کام شروع کرے گی جبکہ دوسرے مرحلے میں پیداواری صلاحیت کوسالانہ 32000یونٹس تک بڑھایا جائے گا۔پاکستان میں مقامی طور پر تیار کی جانے والی گاڑیوں Tiggo 8 proاور Tiggo 4 proکی فروخت مالی سال 2021-22میں شروع ہونے کی توقع ہے جس کیلئے چیری اور گندھارا پورٹ قاسم پر عالمی معیار کا پلانٹ نصب کرنے کیلئے مشترکہ کوششیں کریں گے۔یہ اقدام چیری کی ابھرتی ہوئی عالمی منڈیوں سے منسلک ہونے اور صارفین کی بڑھتی ہوئی مانگ اور ضروریات کومدِّنظر رکھتے ہوئے جدید ترین مصنوعات کی فراہمی کی حکمتِ عملی کا حصہ ہے۔ اس موقع پر چیری کے ایگزیکٹو وائس پریذیڈنٹ چارلی ژانگ نے کہا کہ اس وقت پاکستان کی موجودہ جی ڈی پی میں آ ٹو موبائل حصہ چار فیصد ہے۔ پاکستان کی آٹومارکیٹ میں ہماری آمدپاک چین اقتصادی ترقی کیلئے ایک اہم قدم ہے۔چیری پچھلے پچاس سالوں سے متحرک مقامی شراکت داروں کیساتھ پاکستان میں Chery Tiggo سیریز کی گاڑیاں تیار کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ پاکستانی حکومت کے بھرپور تعاون سے یہ شراکت پاکستان کی معیشت، صارفین اور شراکت داروں کیلئے فائدہ مند ثابت ہوگی۔چیری کی آمد پاکستانی صارفین کو جدید ترین انجینئرنگ اور ٹیکنالوجی ڈیزائن کے ساتھ ایک تازہ اور مطلوبہ لائن اپ فراہم کرے گی۔