• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرن جوہر نے اپنےگھر سے کورونا وائرس پھیلنے کی خبروں کی تردید کردی

بالی ووڈ کےمعروف فلمساز کرن جوہر نے اپنے گھر کو کورونا وائرس کا مرکز  بتائے جانے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہنا ہے کہ وہ احتیاطََ اپنا کورونا ٹیسٹ دو بار کروا چکے ہیں اور دونوں دفعہ ٹیسٹ منفی ہی آیا ہے۔

کرن جوہر نے اپنی انسٹا اسٹوری پر بالی ووڈ اداکاراؤں کے ان کے گھر سے کوروناوائرس کا شکار ہونے کی خبروں کی تردید کردی ہے۔

انہوں نے اپنی انسٹا اسٹوری میں لکھا کہ’ وہ اور ان کی فیملی کے سب افراد گھر پر ہیں اور سب نے اپنے آر ٹی پی سی آر (RTPCR) ٹیسٹ بھی کروائے ہیں اور خدا کا شکر ہے سب کےکورونا ٹیسٹ منفی آئے ہیں‘۔

انہوں نے بتایا کہ’ وہ احتیاطََ اپنا کورونا ٹیسٹ دو بار کروا چکے ہیں اور دونوں دفع ٹیسٹ منفی ہی آیا ہے‘۔

انہوں نے مزید لکھا کہ’ وہ دل سے بی ایم سی(BMC) کی جانب سے اپنے شہر کو محفوظ بنانے کے لیے کیے گئے اقدامات کی تعریف کرتےہیں اور ان سب کو سلام‘۔

انہوں نے لکھا کہ’ وہ کچھ میڈیا صارفین کو اس بات سے آگاہ کرنا چاہتے ہیں کہ ان کے گھر میں صرف 8 لوگوں کی دعوت تھی کوئی پارٹی نہیں ہوئی‘۔

کرن جوہر نے مزید وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ’ان کے گھر میں کورونا کے حوالے سے تمام تر حفاظتی اقدامات کیے جارہے ہیں اور ان کا گھر کورونا وائرس کا مرکز نہیں ہے‘۔

انہوں نے لکھا کہ’ہم سب ذمہ دار ہیں اور ہر وقت ماسک پہنے ہوئے ہیں اور کوئی بھی اس وبائی مرض کو ہلکا نہیں سمجھے گا‘۔ 

آخر میں کرن جوہر نے میڈیا صارفین سے درخواست کی کہ ’اصل حقائق کا پتا لگائے بغیر رپورٹنگ کرنے سے گریز کریں‘۔

واضح رہے کہ کچھ روز قبل کرینہ کپور خان اور امریتا ارورا کورونا وائرس کا شکار ہوئیں تھیں۔

ان کے بارے میں بتایا جارہا تھا کہ انہوں نے کورونا وائرس پروٹوکول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ممبئی میں پارٹیز میں شرکت کی۔

تاہم بعد میں یہ اطلاعات بھی سامنے آئی تھیں ان دونوں اسٹارز نے فلم ساز کرن جوہر کے گھر پر پارٹی کی، جس کے بعد سے سوشل میڈیا پر کرن کے گھر کو کورونا وائرس کا مرکز قرار دے دیا گیا۔


تازہ ترین