وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ ایف سی دیگر لاء فورس اداروں کی طرح کام کرے گی، ایف سی نے سیکیورٹی سے متعلق بے پناہ کام اور قربانیاں دی ہیں۔
فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے ایف سی کی تشکیل نو کا فیصلہ کیا، قیام پاکستان کے بعد ایف سی فیڈرل حکومت کے تحت کام کرتی رہی، ایف سی اب فیڈرل کانسٹیبلری ہو گی۔
طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ ایف سی کی تربیت سے متعلق اقدامات کر رہے ہیں، قیام امن کے لیے ایف سی کا خصوصی کردار ہو گا، ایف سی میں پورے پاکستان سے لوگ بھرتی کیے جائیں گے، ایف سی میں عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق نئے ونگز بنائے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایف سی انسداد دہشت گردی، انسداد منشیات سمیت جرائم کے خاتمے کے لیے کردار ادا کر رہی ہے، ایف سی کا تمام بجٹ وفاقی حکومت دے گی، فیڈرل کانسٹیبلری بنانے کا آرڈیننس سے فیصلہ کیا، کوئی اس معاملے کو کنفیوژ نہ کرے یہ فیڈرل پولیس ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ جولائی میں پارلیمنٹ کے سیشن نہیں ہوتے، اس لیے آرڈیننس جاری ہوا، آرڈینسن پارلیمان میں بھی جائے گا اور اس پر بحث ہو گی، کسی فورس کی خدمات لینے والا صوبہ ہی اس کے اختیارات طے کرتا ہے، نارکوٹکس کو روکنے اور اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے ایف سی سے کام لیا جاتا ہے۔
وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہا کہ بارڈر ہو یا کوئی اور جگہ، امن و امان کا مسئلہ ہوا تو ایف سی خدمات انجام دیتی رہی، وزیراعظم نے یہ فیصلہ کیا سب اسٹیک ہولڈرز کو لے کر ایف سی کو ری اسٹرکچر کیا جائے۔