اداکارہ، ڈانسر اور وائس اوور آرٹسٹ ریحام رفیق کی صلاحیتوں نے مداحوں کو حیران کر دیا۔
اداکارہ، وائس اوور آرٹسٹ اور ڈانسر ریحام رفیق بچپن سے ہی شوبز سے وابستہ ہیں، آج کل اپنے کرداروں کی بدولت ہر گھر میں پہچانی جا رہی ہیں، وہ کئی مشہور ڈراموں کا بھی حصہ رہ چکی ہیں۔
حال ہی میں وہ جیو ٹی وی پر تابش ہاشمی کے شو ہسنا منع ہے میں بطور مہمان شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے اپنی نجی زندگی، کیریئر اور چھپی ہوئی صلاحیتوں پر کھل کر بات کی۔
ریحام نے انکشاف کیا کہ وہ صرف اداکاری ہی نہیں کرتیں بلکہ انہیں رقص اور وائس اوور میں بھی مہارت حاصل ہے، انہوں نے متعدد اشتہارات کے لیے کوریوگرافی کی اور ساتھ ہی فلم کھیل کھیل میں بھی کام کیا۔
وائس اوور کے میدان میں ریحام رفیق نے کئی کارٹون کرداروں اور ترک ڈراموں کے لیے اپنی آواز دی ہے، خاص بات یہ ہے کہ وہ کم عمر لڑکوں کی آواز کا انداز بھی اپنا سکتی ہیں، جس سے انہیں وائس اوور کے منفرد مواقع ملے۔
ریحام کی گفتگو اور انداز پر سوشل میڈیا صارفین نے مختلف آرا کا اظہار کیا۔
کسی نے کہا کہ اداکاری اور وائس اوور دونوں میں باصلاحیت ہیں جبکہ ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ وہ حد سے زیادہ خود اعتماد اور شوخ ہیں، ایک تبصرے میں کہا گیا کہ اتنے بڑے شو پر آنے کے باوجود وہ خود کو پیش کرنے کا سلیقہ نہیں رکھتی تھیں۔