• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانوی حکومت کا شہریوں کو سستی و ماحول دوست ٹرانسپورٹ کی فراہمی کیلئے نیا اقدام

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو 

برطانوی حکومت نے شہریوں کو سستی اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ کی فراہمی کے لیے ایک اور قدم اُٹھایا ہے۔

برطانوی حکومت نے ملک بھر میں الیکٹرک گاڑیوں کی چارجنگ سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے 63 ملین یوروز کی سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اس اقدام کا مقصد چارجنگ کا خرچ کم کرنا، گاڑیوں کے مالکان کو آسانیاں فراہم کرنا اور برطانیہ کو صاف اور سرسبز مستقبل کی جانب لے کر جانا ہے۔

یہ منصوبہ حکومت کے وسیع تر ’پلان فار چینج‘ کا حصّہ ہے جس کے تحت معیشت کو فروغ دینا، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا اور عوام کی جیبوں میں زیادہ پیسہ واپس لانا شامل ہے۔

اس منصوبے سے کن شعبوں کو فائدہ ہوگا؟ 

25 ملین پاؤنڈز کی اسکیم مقامی حکام کو دی جائے گی تاکہ وہ ان گھروں کے لیے چارجنگ سہولت فراہم کر سکیں جن کے پاس ڈرائیو وے نہیں ہے، اس سے لوگ اپنے گھروں کی سستی بجلی استعمال کر کے سالانہ 15 سو پاؤنڈز تک کی بچت کر سکیں گے۔ 

اس اسکیم سے این ایچ ایس (NHS) کی گاڑیوں کو الیکٹرک پر منتقل کرنے میں بھی مدد ملے گی جس سے ہیلتھ سروس کو کروڑوں کی بچت ہوگی۔

اس منصوبے کے تحت ملک بھر میں کاروباری مراکز میں ہزاروں چارجنگ پوائنٹس قائم کیے جائیں گے۔

’کراس- پیومنٹ (cross-pavement)‘ ٹیکنالوجی

اس منصوبے میں ایک نئی’کراس- پیومنٹ (cross-pavement)‘ ٹیکنالوجی بھی متعارف کروائی جا رہی ہے جس کے ذریعے گھروں سے گاڑیوں تک بجلی کی تاریں محفوظ طریقے سے فٹ پاتھ کے نیچے سے گزاری جائیں گی۔

یہ سہولت خاص طور پر ان لوگوں کے لیے مفید ہے جن کے گھروں پر ڈرائیو وے موجود نہیں ہے لیکن وہ الیکٹرک گاڑیوں سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔

اس حوالے سے برطانوی حکومت کا مؤقف یہ ہے کہ اس نئی سرمایہ کاری کا مقصد صرف الیکٹرک گاڑیوں کے لیے چارجنگ کی سہولتیں بہتر بنانا ہی نہیں بلکہ ملک میں ماحول دوست ٹرانسپورٹ کو فروغ دینا، کاربن کا اخراج کم کرنا اور عام شہریوں کو ٹیکنالوجی کے فوائد پہنچانا بھی ہے۔

برطانیہ و یورپ سے مزید