• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہماری کوششوں سے دنیانے افغانستان پر توجہ دینا شروع کر دی، شاہ محمود

اسلام آباد(فاروق اقدس/نامہ نگار خصوصی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت وزارت خارجہ میں سابقہ خارجہ سیکرٹریز، سفراء اور حکومتی ترجمانوں کا اہم مشاورتی اجلاس ہوا جس میں 19 دسمبر کو منعقد ہونے والے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ نے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس کے مقاصد اور افغانستان کی صورتحال پر شرکاء کو بریفنگ دی۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے بتایاکہ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اس اجلاس میں پارلیمینٹیرین کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے اور پارلیمان کے دونوں ایوانوں سینیٹ اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرز کو بھی دعوت نامے بھیجے گئے ہیں۔15اگست کے بعد ہم نے افغانستان کے قریبی ہمسایہ ممالک کو اعتماد میں لیا۔ افغانستان کے قریبی ہمسایہ ممالک کا پہلاا اجلاس پاکستان، دوسرا تہران میں ہوا جبکہ تیسرا اجلاس چین میں متوقع ہے ہم نے مشترکہ لائحہ عمل کی تشکیل اور علاقائی روابط کے فروغ کو مد نظر رکھتے ہوئے علاقائی ممالک کے ساتھ رابطہ کیا اب افغانستان کے قریبی ہمسایہ ممالک کا ایک پلیٹ فارم قائم ہو چکا ہے،ہماری کاوشیں بار آور ثابت ہو رہی ہیں،عالمی برادری نے افغانستان کی طرف توجہ دینا شروع کر دی ہے آج دنیا سمجھتی ہے کہ افغانستان کو تنہا چھوڑنا کسی کے مفاد میں نہیں۔ عالمی برادری انسانی بنیادوں پر افغانستان کی معاونت کے لئے آمادہ دکھائی دیتی ہے۔ عالمی برادری کے کچھ تحفظات ہیں جس میں وہاں انسانی بنیادی حقوق کی پاسداری، دہشت گردی سے تحفظ اور محفوظ انخلاء جیسی شرائط شامل ہیں۔

تازہ ترین