• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور، چیئرمین تحصیل حسن خیل کیلئے 7 امیدواروں میں زبردست مقابلہ متوقع

پشاور ( احتشام طور و،وقائع نگار )صوبائی دارالحکومت پشاورکے مضافاتی علاقوں پرمشتمل تحصیل حسن خیل میں 19 دسمبر کو ہونیوالے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں کی مہم عروج پر پہنچ گئی ۔تحصیل حسن خیل میں سیاسی جماعتوں سمیت7 امیدواروں میں کانٹے کا مقابلہ ہوگا امیدواروں نے ڈور ٹو ڈور اور مختلف کارنر میٹنگز کے ساتھ ساتھ انتخابی اجتماعات کا سلسلہ تیز کر دیا ہے پاکستان تحریک انصاف ، جمعیت علماء اسلام ( ف ) ، اے این پی ،جماعت اسلامی ،پاکستان مسلم لیگ (ن)اور آزاد امیدواروں نے حلقے میں زور و شور سے انتخابی مہم شروع کر رکھی ہے۔ تحصیل حسن خیل کے تمام علاقے سیاسی جماعتوں کے جھنڈوں ،بینروں اور پوسٹروں سے سج گئے ہیں۔ سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے۔جماعت اسلامی کے عمر آفریدی ،پاکستان تحریک انصاف کے حفیظ الرحمان آفریدی ،جمعیت علماء اسلام کے ملک نظر باز ،عوامی نیشنل پارٹی کے محب اللہ ،پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کے ملک دائودآفریدی آزاد امیدواروں صدیق الرحمان اورگل زیب خان کے درمیان زبردست مقابلہ متوقع ہے، تحصیل حسن خیل 11 ویلج کونسلز پر مشتمل ہےجن میں پخی بالا ،روخان خیل ،علی خیل ،چندو کا حسن خیل ،میرا حسن خیل ،میاں خیل ،بو ر،امندئی ،سمہ بڈھ بیر ،برکی جانا کوڑ اور ٹٹکی جانا کوڑ شامل ہیں اور یہاں پر چار بڑے قبیلے جنا کوڑ ،حسن خیل ،اشو خیل اور جواکی آباد ہیں تحصیل حسن خیل میں 19 دسمبر کے بلدیاتی الیکشن کیلئے 32 پولنگ سٹیشنز قائم کئے گئے ہیں جن میں 7 مردانہ ٗ7 خواتین اور 18 مشترکہ پولنگ سٹیشنز ہوں گے جبکہ 99 پولنگ بوتھ قائم کئے گئے جن میں 52 مردانہ ا ور 47 خواتین پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں تحصیل حسن میں رجسٹرڈ ووٹروں کی تعداد 41 ہزار 162 ہے جن میں مردانہ ووٹروں کی تعداد 22 ہزار 30 اور خواتین ووٹروں کی تعداد 19 ہزار132 ہے ۔
تازہ ترین