واشنگٹن (اے ایف پی /جنگ نیوز )امریکی حکومت نے اویغوروں کے ساتھ حکومت کے سلوک کی مذمت کرتے ہوئے درجنوں چینی کمپنیوں پر تجارتی پابندیاں عائد کی ہیں۔امریکی محکمہ خزانہ نے ان کمپنیوں کو اس فہرست میں شامل کیا ہے جن پر چینی فوج کے ساتھ روابط کا شبہ ہے۔ محکمہ خزانہ نے امریکیوں کو ان کمپنیوں کے ساتھ تجارت سے روکا ہے۔برطانوی میڈیاکے مطابق جمعرات کو عائد کی گئی نئی پابندیوں کی وجہ سے دنیا کی دو بڑی معیشتوں کے درمیان تناؤ مزید بڑھ رہا ہے۔ محکمہ تجارت نے چین کی اکیڈمی آف ملٹری میڈیکل سائنسز اور اس کے 11 تحقیقی اداروں کو تجارتی بلیک لسٹ میں شامل کیا ہے جس سے ان کی امریکی برآمدات تک رسائی محدود ہوگئی ہے۔