• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور، الیکشن سے قبل بیلٹ پیپرز پر ٹھپے، خاتون پریزائیڈنگ افسر شوہر سمیت گرفتار

پشاور، الیکشن سے قبل بیلٹ پیپرز پر ٹھپے


پشاور(نمائندہ جنگ) صوبائی دارالحکومت پشاور میں لوگوں نے بلدیاتی انتخابات سے قبل ہی میئر پشاور کے بیلٹ پیپرز پر مخصوص جماعت کے امیدوار کے حق میں ٹھپے لگانے پر الیکشن عملہ کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔

الیکشن سے پہلے بیلٹ پیپرز باہر نکلنے کی اطلاعات پر مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین اور کارکن سکول کے سامنے جمع ہوگئے اور شدید احتجاج و نعرہ بازی کرتے ہوئے سڑک بلاک کردی۔

پولیس نے خاتون پریزائیڈنگ افسر اور اس شوہر کو گرفتار کرکے مشتعل ہجوم سے بچالیا جبکہ الیکشن کمیشن نے پولنگ کیلئے نیا عملہ تعینات کرنے کا اعلان کیا ہے۔

گزشتہ شام پشاور کے نیبرہوڈ کونسل 33 اور 34 کے سرکاری سکول میں بیلٹ پیپرز پر سٹیمپ لگا ئےجانے کی اطلاعات پر مختلف سیاسی جماعتوں کے کارکن موقع پر پہنچ گئے جہاں انہوں نے الیکشن عملہ کو ایک مخصوص جماعت کے امیدوار برائے میئر کے حق میں بیلٹ پیپرز پر ٹھپے لگاتے ہوئے رنگے ہاتھوں دھرلیا جس کے بعد مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین، سینکڑوں کارکن اور میئر پشاور کی نشست کے امیدوار سکول کے باہر جمع ہوگئے۔

مشتعل مظاہرین نے اسکول کے اندر جانے کی کوشش کی تاہم پولیس نے انہیں روک لیا جس کے بعد مظاہرین نے شدید نعرہ بازی اور احتجاج شروع کرتے ہوئے سڑک بلاک کردی۔

دریں اثنا متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر بھی موقع پر پہنچ گئے جبکہ پولیس نے خاتون پریزائیڈنگ افسر اور اس کے شوہر کو گرفتار کرکے مشتعل ہجوم سے بچالیا ، ادھر پشاور کے علاقہ نیبر ہوڈ کونسل 43 میں مقامی عملہ کو اسی علاقہ میں تعینات کرنے کے خلاف سیاسی کارکنوں نے احتجاج کرتے ہوئے رنگ روڈ اور موٹر وے بلاک کردی ۔

تازہ ترین