آسٹر یلیا اور انگلینڈ کے درمیان جاری ایشیز سیریز کے باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے دوران میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں تماشائیوں کو پوری گنجائش سے آنے کی اجازت دی گئی ہے۔
آسٹریلوی حکومت نےاعلان کیا ہے کہ آسٹریلیا اورانگلینڈ کے درمیان ہونے والے تیسرے ٹیسٹ کے لئے تماشائیوں کی تعداد پر پابندی نہیں لگائی گئی، ایم سی جی میں 90 ہزار سے زائد تماشائی روزانہ میچ دیکھ سکیں گے۔
اس حوالے سے حکومت کا مزید کہنا ہے کہ تماشائیوں کو عالمی وباء کورونا وائرس پروٹوکولز کی پابندی کرنا ہوگی اور ماسک پہننا لازمی ہوگا۔
حکومت کا یہ بھی کہنا ہے کہ ویکسین شدہ افراد کو سرٹیفکیٹ دکھانا ہوگا جبکہ ریسٹورنٹس پر کیش کی ممانعت ہوگی۔
آسٹریلیا کی حکومت کا کہنا ہے کہ 12برس سے کم عمر کے بچے صرف ویکسین شدہ افراد کے ساتھ آسکیں گے۔
ایشیز سیریز کا تیسرا ٹیسٹ میچ 26 دسمبر سے شروع ہو گا، انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان جاری سیریز میں میزبان ٹیم کو دو صفر سے برتری حاصل ہے۔
خیال رہے کہ ایشیز سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے مہمان ٹیم انگلینڈ کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی تھی جبکہ دوسرا ٹیسٹ میچ 275 رنز سے جیتا تھا۔