کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان علینہ فاروق شیخ کے پہلے سوال وزارت عظمیٰ کو لے کر تناؤ سے ن لیگ کی انتخابی کارکردگی پر کیا اثر پڑے گا؟ کا جواب دیتے ہوئے تجزیہ کاروں نے کہا کہ ن لیگ مریم نواز کو جارحانہ انداز میں انتخابی مہم چلانے میں انگیج کرے گی،ایک دوسرے سوال پر تجزیہ کاروں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو خیبرپختونخوا میں پرویز خٹک اور جہانگیر ترین کی کمی محسوس ہوئی ہے۔
محمل سرفراز نے کہا کہ ن لیگ میں وزارت عظمیٰ کے امیدوار سے متعلق مختلف آراء کا پارٹی کی انتخابی کارکردگی پر اثر نہیں پڑے گا۔
شہباز شریف اگر وزیراعظم کے امیدوار نہیں ہوئے تو پھر کوئی شریف فیملی سے باہر کا شخص ہوگا۔
ملک مشکل صورتحال سے دوچار ہے کیا نواز شریف چاہیں گے کہ ان حالات میں مریم نواز وزارت عظمیٰ کیلئے امیدوار بنیں۔
حسن نثار کا کہنا تھا کہ وزارت عظمیٰ کا امیدوار جو بھی ہو ن لیگ کی انتخابی کارکردگی پر اثر نہیں پڑے گا، شہباز شریف تجربہ کار، محنتی اور گورننس کا طویل تجربہ رکھتے ہیں جبکہ مریم نواز ناتجربہ کار ہیں۔