• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ناموس رسالت پر پیوٹن کا موقف عالم اسلام کی ترجمانی ہے، طاہر اشرفی

وزیراعظم عمران خان کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی علامہ طاہر اشرفی نے ناموس رسالت صلی اللّٰہ علیہ وسلم سے متعلق روسی صدر کے بیان کو سراہا ہے۔

لاہور سے جاری بیان میں علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کا ناموس رسالت صلی اللّٰہ علیہ وسلم پر موقف عالم اسلام اور عالم انسانیت کا ترجمان ہے۔

انہوں نے کہا کہ ناموس رسالت صلی اللّٰہ علیہ وسلم اور اسلاموفوبيا پر پاکستان کی جدوجہد کے نتائج سامنے آرہے ہیں۔

طاہر اشرفی نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ناموس رسالت صلی اللّٰہ علیہ وسلم اور اسلاموفوبيا پر جو موقف اپنایا وہ دنیا میں اپنایا جارہا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہم ناموس رسالت صلی اللّٰہ علیہ وسلم پر روسی صدر پیوٹن کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

اس سے قبل سالانہ پریس کانفرنس کے دوران روسی صدر نے کہا تھا کہ پیغمبر اسلام حضرت محمد صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی آزادیٔ اظہارِ رائے نہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ شان رسالت صلی اللّٰہ علیہ وسلم میں گستاخی لوگوں کو ناراض کرنے اور اشتعال دلانے کا باعث بنتی ہے۔

ولادیمیر پیوٹن نے مزید کہا تھا کہ آزادی آپ کے اردگرد لوگوں کو عزت دینے کا نام ہے۔

روسی صدر کا بیان سامنے آنے کے بعد وزیراعظم عمران خان نے اُس کا خیرمقدم کیا۔

انہوں نے کہا کہ اسلاموفوبیا سے مقابلے کیلئے مسلم قیادت کو یہ پیغام دنیا تک پہنچانا چاہیے۔

تازہ ترین