• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ریفائنریز سے یومیہ 6 ہزار ٹن فرنس آئل اٹھایا جارہا ہے، حماد اظہر


وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ آئی پی پیز نے ریفائنریز سے اضافی فرنس آئل اٹھانا شروع کر دیا، ریفائنریز سے یومیہ 6 ہزار ٹن سے زیادہ فرنس آئل اٹھایا جا رہا ہے۔

سوشل میڈیا پر دیے گئے بیان میں حماد اظہر نے کہا کہ گرمیوں میں فرنس آئل کی کمی کا سامنا کرنا پڑا، اس سال سردیوں کے لیے 2 لاکھ ٹن فرنس آئل درآمد کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ خوش قسمتی سے نومبر دسمبر کے درمیان مزید کسی ایل این جی کارگو نے ڈیفالٹ نہیں کیا، اس لیے فرنس آئل پر پلانٹ چلانے کی ضرورت بھی نہیں پڑی۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ کچھ روز میں ڈیموں سے پانی کا اخراج نہ ہونے اور نہر بندی کے باعث فرنس آئل کی یومیہ کھپت 13ہزار ٹن ہوجائے گی۔

اُن کا کہنا تھا کہ کچھ غلط فہمیوں کو دور کرنا اہم ہے، گرمیوں میں فرنس آئل کی کمی کا سامنا کرنا پڑا، جس کی وجہ ڈیموں میں پانی کی کمی تھی، گرمیوں میں بجلی بنانے میں فرنس آئل گزشتہ سال سے 116 فیصد زیادہ استعمال ہوا۔

حماد اظہر نے یہ بھی کہا کہ اس سال سردیوں کے لیے 2 لاکھ ٹن فرنس آئل درآمد کیا گیا، اس فرنس آئل درآمد کی وجوہات میں کسی ایل این جی کارگو کا ممکنہ ڈیفالٹ اور آئی پی پیز کے پاس فرنس آئل کا کم ذخیرہ تھا۔

وزیر توانائی نے کہا کہ آئی پی پیز کے پاس اب بھی فرنس آئل مطلوبہ لیول سے کم ہے، اگر کوئی ایل این جی کارگو اب ڈیفالٹ کرتا بھی ہے تو فرنس آئل کے اسٹاکس اچھے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اب نئی ریفائنری پالیسی بھی آ رہی ہے، جس میں فرنس آئل پیداوار کو ریفائنرز سے الگ کیا جا ر ہا ہے۔

تازہ ترین