• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وکیل ہی وہ ملا تھا جو چھٹی پر ہے، چیف جسٹس کا چیئرمین سوسائٹی سے مکالمہ

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں گٹر باغیچہ کیس پر چیئرمین کے ایم سی آفیسرز سوسائٹی کی درخواست پر سماعت 11 جنوری تک ملتوی کردی گئی، سماجی کارکن عنبر علی بھائی کو ویڈیو لنک کے ذریعے اسلام آباد میں ہونے والی آئندہ سماعت میں پیش ہونے کی ہدایت، چیف جسٹس نے چیئرمین سوسائٹی سے مکالمے میں کہا کہ آپ کو وکیل ہی وہ ملا تھا جو چھٹی پر ہے۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں بینچ نے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں گٹر باغیچہ کیس کی سماعت کی، چیئرمین سوسائٹی اور سماجی کارکن عنبر علی بھائی پیش ہوئے جبکہ سماعت شروع ہونے کے 20منٹ بعد ایڈمنسٹریٹر کراچی بھی عدالت پہنچ گئے۔

کیس کی سماعت کے آغاز پر ہی چیئرمین سوسائٹی نے سپریم کورٹ کو بتایا کہ میرا وکیل 4 جنوری تک چھٹی پر ہے، کیس کی مختصر تاریخ دے دیں، چیف جسٹس نے کہاکہ آپ کو وکیل ہی وہ ملا تھا جو چھٹی پر ہے، اس پر چیئرمین سوسائٹی نے کہا کہ آپ نےہی چھٹی دی ہے۔

چیئرمین سوسائٹی نے عدالت کو بتایاکہ گزشتہ 25 سال سے ابرار حسن ہی ہمارے وکیل ہیں، جسٹس قاضی امین بولے کہ آپ کو اس طرح فرار نہیں ہونے دیں گے، کیس چلائیں اپنا۔

سوسائٹیچیئرمین نے بتایا کہ سندھ لوکل کونسل رولز کے تحت زمین الاٹ کی گئی تھی، چیف جسٹس گلزار احمد نے استفسار کیا کہ کتنی زمین ملی ہے کہاں لکھا ہے، سب لکھا ہوا ہے اس میں 200 ایکڑ زمین ملی تھی۔

چیف جسٹس پاکستان نے سوال کیا کہ کن رولز کے تحت زمین الاٹ کی گئی تھی، چیئرمین سوسائٹی نے بتایاکہ میرے وکیل صاحب عدالت کو بہتر بتاسکتے ہیں، جسٹس قاضی امین نے اس پر کہاکہ تو لے آتے نا وکیل کو، عدالت آپ کا انتظار نہیں کرے گی۔

چیئرمین سوسائٹی نے استدعا کی کہ مختصر تاریخ دے دیں اسلام آباد میں سماعت رکھ لیں،اس پر کیس میں فریق سماجی کارکن عنبر علی بھائی نے کہا کہ 25سال سے معاملہ ملتوی ہورہا ہے میں اسلام آباد نہیں آسکتی ۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ میونسپلٹی کی زمین کیسے الاٹ کی جاسکتی ہے، ایڈووکیٹ جنرل صاحب دیکھیں کس رول کے تحت زمین دی گئی، عنبر علی بھائی نے کہا کہ ہم نے 1929 کا نقشہ لگایا ہے گٹر باغیچہ پر ٹریٹمنٹ پلانٹ تھا۔

چیئرمین کے ایم سی آفیسرز ہاوسنگ سوسائٹی نے عدالت میں کہا کہ میرا گھر مجھ سے چھن رہا ہے، چیف جسٹس نے اظہار برہمی کرتے ہوئے سوال کیا کہ کونسا گھر ہے وہاں کون چھین رہا ہے غلط بیانی نہ کریں۔

چیف جسٹس پاکستان نے استفسار کیا کہ کس قانون کے تحت پارک کی زمین الاٹ کی گئی یہ بتائیں، چیئرمین کے ایم سی سوسائٹی بولے یہ میرے وکیل ہی بہتر طور پر بتا سکتے ہیں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ اگر ملتوی کریں گے تو ہم اگلے ہفتے میں اسلام آباد میں سنیں گے، عدالت نے سماجی کارکن عنبر علی بھائی کو ویڈیو لنک کے ذریعے اسلام آباد میں ہونے والی آئندہ سماعت میں پیش ہونے کی ہدایت کردی ۔


تازہ ترین