کراچی (اسٹاف رپورٹر) کئی ڈپارٹمنٹس کی طرح واپڈ ا نے بھی اپنی کرکٹ ٹیم بند کردی جس سے کئی کھلاڑی بے روزگار ہوگئے ہیں۔ واپڈا اسپورٹس بورڈ نے کرکٹ آپریشن ختم کرنے کا اعلان کردیا، اس حوالے سے واپڈا نے نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا ہے۔ جس کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈومیسٹک کرکٹ کو ری اسٹرکچر کردیا گیا ہے، نئے نظام میں ڈپارٹمنٹل کرکٹ کو ریجنل کرکٹ ٹیموں میں تبدیل کردیا گیا ہے۔ کرکٹرزکے کیسز کا فیصلہ اب ان کی تقرریوں کے قواعد وضوابط کے مطابق ہوگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مختلف یونٹس میں موجود مستقل ملازمین کرکٹرز کو ڈیوٹی جوائن کرنے کا کہہ دیا گیا ہے جبکہ کنٹریکٹ ملازمین کھلاڑیوں کو ڈیوٹی کرنے یا پھر گھر جانے کا آپشن دے دیا گیا۔ ماہانہ معاوضے اور وظائف حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کو بھی فارغ کردیا گیا۔کرکٹر سلمان بٹ، محمدآصف، وہاب ریاض، کامران اکمل اور دیگرکھلاڑی اس فیصلے سے متاثرہوں گے۔