پشاور ( نمائندگان جنگ )خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی چترال بازار میں چھاپا مارتے ہوئے ایک یونٹ سے 100کلو سے زائد جعلی شہد برآمد کرلیا، فیکٹری میں کام کرنے والے افراد کو جعلی شہد تیار کرتے ہوئی رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔ جس پر متعلقہ یونٹ کو سیل کردیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل خیبر پختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی شاہ رخ علی خان کے مطابق وزیر خوراک عاطف خان کی ہدایت پر صوبے میں ملاوٹ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، چترال میں جعلی شہد کی تیاری میں چینی اور سائٹرک ایسڈ کا استعمال کیا جارہا تھا۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق جعلی شہد کی تیاری میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائیگی۔ اسی طرح ضلع خیبر کے علاقے لنڈی کوتل میں خوراک سے وابستہ مختلف کاروباروں کا معائنہ کیا گیا، انسپکشن کے دوران ایک دکان سے غیر معیاری پاپس برآمد کرکے ضبط کرلئے گئے۔ ضلع چارسدہ شبقدر بازار میں کارروائی کے دوران مختلف ہوٹلوں سے غیر معیاری سرکہ ضبط کر کے وارننگ نوٹسز جاری کر دئے گئے۔ حکام نے واٹر پلانٹ کا دورہ بھی کیا اور پلانٹ میں موجود ورکرز کو بنیادی ایس او پیز سے آگاہ کیا اور مزید بہتری کے لئے تجاویز دئے۔ کوہاٹ چونگی چوک اور نور الہی کالونی میں خوراک سے وابستہ مختلف کاروباروں کا معائنہ کیا گیا۔ ریسٹورنٹس اور کباب شاپس سے ممنوعہ اخبار اور غیر معیاری گھی موقع پر تلف کر کے ورننگ نوٹسز جاری کئے گئے۔ ڈی جی فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے فیلڈ ٹیمز نے فیلڈ ٹیمز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اشیاء خوردنوش کا معیار یقینی بنانے کے لئے ملاوٹ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کی ہدایت کی