• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں پاکستان ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی (پی ای سی ایچ ایس) میں طارق روڈ پر واقع پارک سے سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم پر تجاوزات کے خاتمے کا آپریشن نصف شب کو شروع کر دیا گیا جو آخری اطلاع تک جاری تھا۔

تجاوزات کے خاتمے کا آپریشن اسسٹنٹ کمشنر فیروزآباد کی نگرانی میں کیا جا رہا ہے جس کے لیے ضلع بھر کی پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔ تجاوزات کے خلاف آپریشن کی سیکورٹی ایس ایچ او فیروزآباد انسپکٹر خوشنود جاوید کی نگرانی میں ہے۔

عدالتی حکم پر پی ای سی ایچ سوسائٹی میں طارق روڈ پر واقع پلاٹ اے پی 31 خالی کرایا گیا ہے۔ پارک کی اراضی پر قائم دلکشا کلب کو منہدم کیا جارہا ہے جس سے ایک ہزار گز سے زائد اراضی واگزار ہورہی ہے۔

کراچی: سپریم کورٹ کے حکم پر طارق روڈ کے پارک سے تجاوزات کا انہدام جاری


 کلب سے متصل ایک گھر کو بھی منہدم کر دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی 280 گز پر اراضی پر 8 دکانیں منہدم کی جارہی ہیں، جبکہ ایک اور جگہ پر چار دکانوں کا انہدام جاری ہے۔

اسی مقام پر 600 گز اراضی پر قائم ایک مدرسے کو بھی منہدم کیا جانا ہے تاہم اس کے دوسری طرف پارک کی اراضی پر قائم مدینہ مسجد کے انہدام کا فیصلہ موخر کیا گیا ہے۔ آپریشنل ٹیم کے مطابق مشینری کی کمی کی وجہ سے کام سست روی کا شکار ہے۔

انسپکٹر خوشنود جاوید کے مطابق ڈی ایم سی کی جانب سے مناسب مشینری فراہم نہیں کی گئی جس کی وجہ سے کام تیزی سے نہیں ہورہا ہے۔ 

انہدامی کارروائی کے دوران علاقہ مکین بڑی تعداد میں جمع ہوگئے جنہیں پولیس کی جانب سے بار بار منتشر کیا جا رہا ہے۔

قومی خبریں سے مزید