• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: طارق روڈ تجاوزات، 24 گھنٹوں میں انخلاء کا نوٹس

طارق روڈ کے پارک سے تجاوزات کے خاتمے کیلئے جاری کیے گئے نوٹس آویزاں کیے جا رہے ہیں — جنگ فوٹو
طارق روڈ کے پارک سے تجاوزات کے خاتمے کیلئے جاری کیے گئے نوٹس آویزاں کیے جا رہے ہیں — جنگ فوٹو

کراچی کے علاقے پاکستان ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی (پی ای سی ایچ ایس) کی معروف شاہراہ طارق روڈ کے پارک سے مدینہ مسجد اور دیگر تجاوزات ختم کرنے کیلئے ضلعی انتظامیہ بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔

اس سلسلے میں مسجد سے ملحق کلب، مدرسہ، دکانوں کے مالکان، کرایہ داروں اور رہائشی افراد کو 24 گھنٹوں میں انخلاء کے نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس قمر رضا جسکانی کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر فیروز آباد کی ہدایت پر ایس ایچ او فیروز آباد انسپکٹر خوشنود جاوید نے متعلقین کو عدالتی حکم پر 24 گھنٹوں میں پراپرٹی خالی کرنے کے نوٹس موصول کرا دیے ہیں۔

— جنگ فوٹو
— جنگ فوٹو

انسپکٹر خوشنود جاوید کے مطابق انہوں نے ذاتی طور پر متعلقین کے پاس جا کر نوٹس موصول کرائے اور ان کی تصاویر بھی بنائیں۔

انہوں نے بتایا کہ قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے یہ نوٹس متعلقہ عمارت پر بھی چسپاں کیے گئے ہیں۔

’جنگ‘ کو موصول ہونے والی نوٹس کی کاپی پر 29 دسمبر کی تاریخ درج کی گئی ہے، جس کے تحت تمام قابضین آج جمعرات کی شام تک پراپرٹی خالی کرنے کے پابند ہیں۔

پولیس کے مطابق جگہ خالی ہوتے ہی اس کے انہدام کی کارروائی فوری طور پر شروع کر دی جائے گی۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے طارق روڈ پر واقع پارک میں قائم مدینہ مسجد اور دیگر تجاوزات ختم کر کے پارک کو بحال کرنے کے لیے انتظامیہ کو 1 ہفتے کی مہلت دی گئی تھی۔

تازہ ترین