پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں موسم میں اچانک شدید خرابی کے باعث درجن بھر پروازوں کو متبادل ایئر پورٹ پر موڑ دیا گیا۔
ابو ظہبی سے لاہور پہنچنے والی ایئربلیو کی پرواز پی کے 431 کافی دیر سے فضا میں چکر کاٹ رہی ہے، جبکہ دمام سے لاہور پہنچنے والی فلائینس ایئر لائن کی پرواز وائی ایس 883 ہولڈ پر ہے۔
دوحہ سے لاہور پہنچنے والی قطر ایئر ویز کی پرواز کیو آر 628 بھی فضا میں چکر کاٹ رہی ہے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق کراچی تا لاہور پی کے 302، ابو ظہبی تا لاہور پی کے 264 اور جدہ تا لاہور پی کے 9760 کو اسلام آباد اتار لیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق متاثر ہونے والی پروازوں کے 447 مسافروں کو خصوصی بسوں کے ذریعے لاہور لے جایا جائے گا۔
جدہ سے لاہور پہنچنے والی سعودی ایئر لائن کی پرواز ایس وی اے 734 بھی فضا میں ہولڈ پر ہے، غیر ملکی کارگو کمپنی کی پرواز ای ایس 179 بھی فضا میں چکر کاٹ رہی ہے۔
لاہور کے لیے کویت ایئر کی پرواز کے یو 203 اور دبئی سے ایمریٹس ایئر کی پرواز ای کے 624 کو اسلام آباد اتار لیا گیا ہے۔
لاہور سے روانہ ہونے والی پروازیں پی کے 303، لاہور تا کراچی پی کے 9759، لاہور تا جدہ اور پی کے 189 لاہور تا بحرین منسوخ کر دی گئی ہیں۔
لاہور ایئر پورٹ سے مجموعی طور پر 30 پروازوں کا شیڈول بری طرح متاثر ہوا ہے۔
واضح رہے کہ لاہور اور اس کے گرد و نواح میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔