پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ سندھ میں پیپلز پارٹی نے آصف زرداری کی قیادت میں عوام کی چیخیں نکال دی ہیں۔
انصاف ہاؤس کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما خرم شیر زمان نے پاکستان پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ سندھ کے محکمۂ لوکل گورنمنٹ کے وزیر لاہور میں تقریریں کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ پچھلے 13 سال میں تھر میں ہزاروں بچے مرے ہیں، کل بلاول زرداری نے لانگ مارچ کا اعلان کیا ہے، سندھ میں عوام کو نالائق محکمہ پینے کا پانی نہیں دے رہا۔
خرم شیر زمان نے کہا کہ آپ کی نالائق حکومت نے سندھ کے عوام کے لیے ٹرانسپورٹ کے نظام کے لیے کچھ نہیں کیا، یہ پی ڈی ایم کو گالیاں دیتے ہوئے الگ ہو گئے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کا محکمۂ داخلہ کا قلم دان مراد علی شاہ کے پاس ہے، کراچی میں ہزاروں کی تعداد میں گاڑیاں اور موبائل فون چھینے گئے، چھینی گئی گاڑیوں کے نقصان کا تخمینہ 4 ارب سے زائد ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ سندھ کا سب سے زیادہ کرپٹ ادارہ لائیو اسٹاک کا ہے، حاملہ خواتین کو مچھلیاں کھلانے کے منصوبے کا اعلان کیا گیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج تک نہیں معلوم 1 ارب کی مچھلیاں کس کو کھلائی گئی ہیں، ایسا لگتا ہے کہ ساری مچھلیاں سندھ کی کابینہ کھا گئی۔
پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما خرم شیر زمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس اس محکمے کے تحت کروڑوں کی بھینسیں اور ان کے باڑے خریدے جا رہے ہیں۔