• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم عمران خان نے سانحہ مری پر انکوائری کا حکم دے دیا


وزیر اعظم عمران خان نے مری میں سیاحوں کی اموات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سانحہ کی انکوائری کا حکم دے دیا۔

وزیراعظم عمران خان نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ مری میں سیاحوں کی اموات پرافسردہ ہوں، غیرمعمولی برفباری، موسمی حالات معلوم کئے بغیر عوام نے مری کا رخ کیا۔

عمران خان نے کہا کہ اس صورتحال کیلئےضلعی انتظامیہ تیار نہیں تھی، سیاحوں کی اموات کےواقعےکی انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔

اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گِل نے بتایا کہ عمران خان نے مری واقعے پر گہرے رنج کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام ایجنسیوں کو متحرک کر دیا گیا ہے، فوج، 1122، ہزارہ ڈویژن (کے پی) اور پنڈی ڈویژن (پنجاب) کے وسائل کو بند راستوں کو کھولنے کے لیے متحرک کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ رات سے 1 ہزار گاڑیاں مری میں پھنسی ہوئی ہیں، ان پھنسی ہوئی گاڑیوں میں 16 سے 19 افراد کی اموات ہوئی ہیں۔

دوسری جانب وفاقی وزیر برائے اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ کمشنر مری کے مطابق انتظامیہ کی انتھک کوششوں سے مری ایکسپریس وے اب کلیئر کر دی گئی ہے، صورتحال میں مسلسل بہتری ہو رہی ہے۔

قومی خبریں سے مزید