پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز (پی پی پی پی) ترجمان شازیہ مری نے کہا ہے کہ ملک تاریخ میں کبھی اتنی تکلیف دہ صورتحال کا شکار نہیں ہوا۔
بلاول ہاؤس لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں شازیہ مری نے کہا کہ ملک تاریخ میں کبھی اتنی تکلیف دہ صورتحال کا شکار نہیں ہوا، مری میں 21 افراد جان سے گئے اس پر جتنا بھی افسوس کیا جائے کم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریسکیو آپریشن بروقت نہ کیا جانا بھی حکومت کا قصور ہے، اب عوام دشمن حکومت مزید برداشت نہیں کی جا سکتی۔
پی پی ترجمان نے مزید کہا کہ آج نالائق اور نااہل حکومت نے لاپرواہی کا مظاہرہ کیا، عمران خان کہتے ہیں سب اچھا ہے، لیکن ملک میں کچھ بھی اچھا نہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ حکومت نے اپنی غیر ذمہ داری کا ملبہ لوگوں پر ڈال دیا، حکومتی وزیروں نے آج اپنے ٹوئٹ ڈیلیٹ کر دیے۔