• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لیڈز ٹیسٹ: انگلینڈ 5وکٹوں پر171 رنز، کھیل بارش کی نظر

Leeds Test England Scores 171 For Loss Of 5 Play Called Off Due To Rain
انگلینڈ اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان لیڈز ٹیسٹ کا پہلا روز بارش کی وجہ سے مقررہ وقت سے پہلے ختم کر دیا گیا۔

میزبان انگلش ٹیم نے 53 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز بنا لئے تھے، 83 رنز پر 5 وکٹیں گرنے کے بعد جونی بیئرسٹو نے مشکل وقت میں ایلکس ہیلز کا ساتھ دیا۔

دونوں بلے بازوں نے انتہائی شاندار اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چھٹی وکٹ میں 88 قیمتی رنز جوڑ کر ٹیم کو سہارا دیا، اسی دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کیں۔ ہیلز 71 اور بیئرسٹو 54 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، شناکا نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جمعرات کو لیڈز میں شروع ہونے والے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں سری لنکن قائد اینجلومیتھیوز نے ٹاس جیت کر پہلے میزبان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی تو اس کا آغاز مایوس کن رہا اور 83 کے سکور پر آدھی ٹیم آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئی۔

کپتان ایلسٹرکک 16، نک کومپٹن صفر، جوروٹ صفر، جیمز ونس 9 اور بین سٹوکس 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اس موقع پر ہیلز اور جونی بیئرسٹو نے میدان سنبھالا۔

بارش شروع ہونے کے باعث کھیل جلد ختم کردیا گیا، جس کے بعد بقیہ اوورز کا کھیل ممکن نہ ہو سکا۔ ہیلز 71 اور بیئرسٹو 54 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ شناکا نے 3، ایرنگا اور پرادیپ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
تازہ ترین