• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Change In Mingora Now Prime Minister
وزیر اعظم نوازشریف نے مینگورہ میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ کا یہ جذبہ بتارہا ہےکہ جس تبدیلی کا خواب آپ دیکھ رہے تھے وہ تبدیلی یہاں پر نہیں آئی،اب آئے گی تبدیلی اور آکر رہے گی۔

سوات کے علاقے مینگورہ میں مسلم لیگ ن کے جلسے میں خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ اگر سوات کے لوگ 2013ءمیں کسی جھانسے میں نہ آتے تو واقعی تبدیلی آ چکی ہوتی، علاقے کی حالت بالکل تبدیل نہیں ہوئی، جیو مینگورہ، جیو مینگورہ، آج تو مینگورہ دمک رہا ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ یہ سودا تھوڑا مہنگا رہا ہے، لیکن کوئی بات نہیں اگر کچھ سال سبق سیکھنے میں لگ گئے تو فرق نہیں پڑتا، اگر 2013ءمیں آپ کسی جھانسے میں نہ آتے تو واقعی تبدیلی آچکی ہوتی، آج مینگورہ کو ہیلی کاپٹر سے دیکھا ہے، وہی ٹوٹے پھوٹے اسکول، ٹوٹے پھوٹے اسپتال، کہاں ہے تبدیلی؟وہی پرانا مینگورہ، وہی پرانا سوات اور وہی پرانا سیدو شریف، آج آپ کا جذبہ بتارہا ہےکہ آپ بھی پچھتارہے ہیں کہ شاید 2013 ءمیں غلطی کی، اگر یہ تبدیلی نہیں لائے تو ہم تبدیلی لے کر آئیں گے، ہماری تبدیلی پنجاب اور بلوچستان میں نظر آتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ بات بات پر کہتےہیں کہ ہم سڑکوں پر آئیں گے، بھئی سڑکیں ہوں گی تو تم سڑکوں پر آؤ گے نا، ہم سڑکیں بناتے جائیں گے یہ سڑکوں پہ آتے جائیں گے، یہ اپنا اپنا مقدر ہے بھائی، کوئی سڑکیں بنارہا ہے کوئی سڑکوں پر آرہا ہے، خیبر پختونخوا کی تقدیر بدلنے والی ہے، یہاں کا کڈنی اسپتال ویسا ہے جیسا باہر کے ملکوں میں ہوتا ہے، یہ پنجاب کا خیبرپختونخوا کو تحفہ ہے، الیکشن کی بات الیکشن میں ہوگی، ابھی الیکشن کی بات نہیں کرنے آیا، پشاور کے الیکشن میں ن لیگ الیکشن جیت کر پہلے نمبر پر آئی ہے، کے پی کے والی پارٹی چوتھے نمبر پر آئی ہے۔

وزیراعظم نے مینگورہ میں خواتین یونیورسٹی کیمپس،شانگلہ کیلئے یونیورسٹی کے کیمپس ،تحصیل کبل اور تحصیل مٹہ میں گرڈ اسٹیشن کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کے لیے ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ بھی قائم کیا جائے گا، وعدہ ہےکہ 2018ءمیں بجلی آجائے گی، گیس بھی آئے گی، پاکستان کا زرمبادلہ ریکارڈ سطح پر پہنچ چکا ہے۔

نواز شریف نے سوات میں ہاکی کے فروغ کے لیے آسٹرو ٹرف لگانے کا بھی اعلان بھی کیا، ان کا کہنا تھا کہ سیدو شریف کے ایئر پورٹ کو دوبارہ فعال کیا جائے گا، جس سے فلائٹیں دبئی اور جدہ بھی جائیں گی، نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو ہدایت کردی ہے کہ چک درہ سے کالام تک 133 کلو میٹر کی سڑک کو موٹروے کی طرز پر ایکسپریس وے بنائیں، بشام سے خوازہ خیلہ تک بہترین سڑک بنانے کا بھی اعلان کرتا ہوں، سوات خوش ہوتا ہے تو نواز شریف خوش ہوتا ہے، الیکشن سے پہلے پھر آپ کے پاس آؤں گا۔
تازہ ترین