• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


وزیر دفاع پرویز خٹک نے پارٹی کے پارلیمانی اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کے ساتھ تلخ کلامی کی تردید کردی۔ 

میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ کسی سے تلخ کلامی نہیں ہوئی، میں نے اپنے حق کی بات کی۔

جب ان سے ان کے باہر آنے سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے جواب دیا کہ وہ سگریٹ پینے کے لیے باہر آئے تھے۔ 

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان سے کوئی اختلاف نہیں ہے۔ وزیر اعظم پر 100 فیصد اعتماد ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم کی زیرِصدارت پارلیمانی پارٹی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آئی جس سے متعلق ذرائع کا کہنا تھا کہ اس میں وزیراعظم عمران خان اور وزیر دفاع پرویز خٹک کے درمیان جملوں کا تبادلہ ہوا۔

وزیر دفاع نے وزیراعظم سے کہا تھا کہ آپ کو وزیراعظم ہم نے بنوایا، خیبر پختونخوا میں گیس پر پابندی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ گیس اور بجلی ہم پیدا کرتے ہیں اور پس بھی ہم رہے ہیں، اگر آپ کا یہی رویہ رہا تو ہم ووٹ نہیں دے سکیں گے۔

ذرائع کے مطابق پرویز خٹک کی گفتگو پر وزیراعظم اٹھ کر جانے لگے، اور کہا کہ اگر آپ مجھ سے مطمئن نہیں تو کسی اور کو حکومت دے دیتا ہوں۔

ذرائع کے مطابق پارلیمانی پارٹی کا اجلاس کافی کشیدہ رہا اور پارٹی کے رہنماؤں کے چہرے کافی افسردہ دکھائی دیے۔

قومی خبریں سے مزید