ملک بھر میں کورونا وائرس کی وباء پر قابو پانے کے حوالے سے بنائے گئے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے سندھ میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز سے نمٹنے کے لیے صوبائی حکومت سے تعاون کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کے کیسز کے حوالے سے غور کیا گیا، کورونا ایس او پیز کی صورتِ حال اور اس پر عمل درآمد کا جائزہ بھی لیا گیا۔
این سی او سی نے 17 جنوری کو اس حوالے سے صوبائی وزرائے صحت اور تعلیم کا اجلاس بلا لیا۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے طے کیا کہ اندرونِ ملک پروازوں اور پبلک ٹرانسپورٹ میں کھانے کی فراہمی پر 17 جنوری سے مکمل پابندی ہو گی۔
این سی او سی نے ہدایت کی کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی ماسک کے استعمال کو یقینی بنائے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے ہدایت کی کہ وفاق کی تمام اکائیاں کورونا ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کریں۔
اجلاس میں تعلیم کے شعبے، سماجی اور شادی کی تقریبات میں کورونا وائرس کی ایس او پیز کی تجاویز پر غور بھی کیا گیا۔
این سی او سی کے اجلاس میں اِن ڈور اور آؤٹ ڈور ڈائننگ اور ٹرانسپورٹ کے شعبے میں کورونا ایس او پیز کی تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے ویکسی نیشن مہم اور اس کے اہداف کو حاصل کرنے کی کوششوں کو تیز کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔