وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان کا کہنا ہے کہ نواز شریف واپس آئیں گے تو جیل جائیں گے، بددیانت شخص کی جگہ جیل ہے، اب تو برطانوی حکومت بھی نواز شریف کو رکھنے کے لیے تیار نہیں ہے، نواز شریف کو واپس لانے کے لیے حکومت عدالت سے رجوع کر رہی ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے غلام سرور خان نے کہا کہ قومی اسمبلی کے حالیہ اجلاس سے متعلق بڑا سیاسی واویلا کیا گیا، اپوزیشن ایک پیج پر نہیں، یہ ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتی، ہم نے جو کہا وہ سچ ثابت ہوا اور جو اپوزیشن کہتی رہی وہ جھوٹا ثابت ہوا۔
غلام سرور خان نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائی گئی لیکن ناکامی ہوئی، اپوزیشن نے عدم اعتماد لانا ہے تو شوق سے لائے، تاریخیں دینے سے حکومت کہیں نہیں جارہی، حکومت کے اوپر سب سے بڑا ہاتھ اللّٰہ اور عوام کا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ اور حکومت اگر ایک پیج پر ہیں تو ملک کے لیے ہیں، پرویز خٹک نے میڈیا پر چلنے والی خبروں کی وضاحت کردی ہے۔