محکمہ موسمیات نے آج رات یا کل سے شمال مشرقی بلوچستان میں بارش اور برف باری کی پیش گوئی کردی۔
محکمہ موسمیات نے نوشکی، زیارت، پشین، لورالائی، چمن، قلعہ سیف اللہ اور ژوب میں بارش اور برف باری کا امکان ظاہر کیا ہے۔
دوسری طرف صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے چمن، زیارت، پشین اور قلعہ سیف اللہ میں شدید بارش کی پیشگوئی کے بعد الرٹ جاری کردیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے ان علاقوں میں ہیوی مشینری پہنچادی ہے، دوسری طرف چمن میں گزشتہ ہفتے کی بارش و سیلاب سے متاثرہ افراد امداد کے منتظر ہیں۔
متاثرین کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے کے سیلابی ریلوں کے نقصانات کا ازالہ نہیں ہوسکا ہے۔
چمن سمیت دیگر علاقوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی نے مکینوں کو تشویش میں مبتلا کردیا ہے۔
بارشوں کی پیشگوئی پر محکمہ ایری گیشن کا کہنا ہے کہ ندیوں کا رُخ موڑنے کے لیے ہیوی مشینری درکار ہے جبکہ اب تک متاثرہ زمینوں اور حفاظتی بند کا سروے نہیں کیا جاسکا ہے۔
ادھر محکمہ موسمیات نے آج کی رات سے بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان میں بھی برف باری اور بارش کا نیا سلسلہ شروع ہونے کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق منگل سے مری اور گلیات میں برف باری کا نیا سلسلہ متوقع ہے۔
صوبہ پنجاب کے میدانی علاقوں میں آج بھی دھند سے معمولات زندگی متاثر ہوئے ہیں۔