• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبوضہ کشمیر: پاکستان کی صحافیوں، سول سوسائٹی کیخلاف ہراسانی کی مذمت


ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر میں صحافیوں اور سول سوسائٹی کے کارکنوں کے خلاف بڑھتی ہراسانی، غیر قانونی گرفتاریوں اور جعلی فوجداری مقدمات کے اندراج کی مذمت کرتا ہے۔

ایک بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ گزشتہ روز مقبوضہ کشمیر میں پریس کلب پر ہونے والا حملہ بھارتی جرائم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر پریس کلب پر حملہ بھارتی مظالم کے خلاف آواز اٹھانے والوں کو خاموش کرنے کے لیے جبر کے استعمال کا عکاس ہے۔

ترجمان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے عزم کو کبھی کمزور نہیں کر سکتی۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں صحافیوں، انسانی حقوق کے محافظوں اور سول سوسائٹی کے کارکنوں کی گرفتاریوں پر بھارت کو جواب دہ ٹھہرائے۔

قومی خبریں سے مزید