• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سانحۂ مری: ہائی وے ڈپارٹمنٹ نے ذمے داری ٹریفک پولیس پر ڈال دی

ملکۂ کوہسار مری میں پیش آنے والے سانحے پر پنجاب ہائی وے ڈپارٹمنٹ کی رپورٹ موصول ہو گئی جس کے مطابق پنجاب ہائی وے اتھارٹی نے سانحۂ مری کی ذمہ داری ٹریفک پولیس اور انتظامیہ پر ڈال دی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سانحے کی رات کلڈانہ باڑیاں روڈ پر ٹریفک پولیس کا کوئی اہلکار موجود نہیں تھا، اس روڈ پر گاڑیوں کی کئی قطاریں لگنے سے ٹریفک جام ہوا۔

پنجاب ہائی وے ڈپارٹمنٹ کا اپنی رپورٹ میں کہنا ہے کہ ہائی وے ڈپارٹمنٹ کی گاڑیاں ٹریفک میں پھنس گئی تھیں، گاڑیاں پھنسنے کے سبب سانحے کی رات برف صاف کرنے کا آپریشن ممکن نہیں تھا۔

رپورٹ میں پنجاب ہائی وے ڈپارٹمنٹ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سخت موسم کے باوجود نہ انتظامیہ نےٹریفک روکی اور نہ ہی پولیس نے۔

پنجاب ہائی وے ڈپارٹمنٹ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 4 ہزار گاڑیوں کی گنجائش والی جگہ پر بڑی تعداد میں گاڑیاں آنے دی گئیں۔

رپورٹ میں پنجاب ہائی وے ڈپارٹمنٹ نے مزید کہا ہے کہ ڈپارٹمنٹ کی مشینری 7 مقامات پر کام کر رہی تھی۔

پنجاب ہائی وے ڈپارٹمنٹ کی رپورٹ میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ ہائی وے ڈپارٹمنٹ کے پاس تصویریں اور ویڈیوز بطور ثبوت موجود ہیں۔

واضح رہے کہ رواں ماہ مری میں ہونے والی شدید طوفانی برف باری کے باعث برف میں پھنسی گاڑیوں میں سوار 23 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید