• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیئرمین نیب اور انتخابی اصلاحات پر اپوزیشن سے بات کرنا چاہتے ہیں، فواد چوہدری


وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ہم اپوزیشن سے چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) اور انتخابی اصلاحات پر بات کرنا چاہتے ہیں۔

وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد حماد اظہر کے ہمراہ میڈیا بریفنگ میں فواد چوہدری نے کہا کہ اپوزیشن کی لیڈر شپ ہم سے بات کرنے پر فوکسڈ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف ہماری حکومت کے آنے کے وقت سے اس بات پر لگی ہوئی ہے کہ یہ حکومت جانے والی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ اومی کرون سے متعلق کابینہ کو بریفنگ دی گئی ہے، یومیہ کیسز 5 ہزار سے بڑھ گئے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ کورونا کے کیسز 5 گنا بڑھ گئے ہیں، آئی سی یو مریضوں میں بھی اضافہ ہورہا ہے، ویکسین اور بوسٹر لگوانے والوں کو اومی کرون کا اثر کم ہو رہا ہے۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ کراچی میں اسکول جانے والے بچوں میں کورونا کے کیسز زیادہ آ رہے ہیں، حکومت نے 2 بلین ڈالر مالیت کی ویکسین اپنے شہریوں کو لگائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں اضافے کی ایک وجہ بڑی مقدار میں ویکسین کی امپورٹ ہے، اسٹیٹ بینک کا بل سینیٹ سے بھی جلد منظور کروا لیں گے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے یہ بھی کہا کہ انسانی اسمگلنگ کے خلاف کمیٹی قائم کرنے کی منظوری دی گئی ہے، اسٹینڈنگ کمیٹیز میں ان لوگوں کو ممبر نہ بنایا جائے، جن کا اس ہی شعبے سے تعلق ہو۔

اُن کا کہنا تھا کہ یوریا کی پروڈکشن اس سال تاریخی ہے، اس سال امید ہے کہ بمپر فصل ہو گی، پاکستان کے زیادہ تر علاقوں میں کھاد میسر ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ کابینہ نے رولز آف بزنس 1973 میں ترمیم کی منظوری دی ہے جبکہ ویزہ ختم ہونے پر غیرملکیوں کو رعایت دینے کا معاملہ دوبارہ کابینہ میں پیش ہوگا۔

قومی خبریں سے مزید