• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیا عمران خان ناکام ہوگیا تو نظام بھی ناکام ہوگیا ہے؟ شازیہ مری


پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی سیکریٹری اطلاعات شازیہ مری  کا کہنا ہے کہ 1973 کا آئین متفقہ ہے، صدارتی نظام کی بحث بھونڈا مذاق ہے، کیا عمران خان ناکام ہوگیا تو نظام بھی ناکام ہوگیا ہے؟ صدارتی نظام کی آئین میں گنجائش ہے نہ کسی کو تجربہ کرنے دیں گے، کسی کو شوق ہے تو پارلیمنٹ میں معاملہ لائے، یہ ڈرامے بند کیے جائیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شازیہ مری نے کہا کہ پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو دہشت گردوں کے نشانے پر ہے، حکومت دہشت گردی کا معاملہ فوری طور پر پارلیمنٹ میں لائے، ایسے معاملات میں عوام سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کو اکٹھا بیٹھنا چاہیے، دہشت گردی کے ایسے واقعات بڑے خطرے کی علامت ہیں۔

 شازیہ مری نے کہا کہ آج ملک بھر میں ہر چیز کی قیمت آسمان تک پہنچ گئی ہے، تیل کی قیمتوں میں ہر روز اضافہ ہو رہا ہے، حکومت نے صرف اپنے دور  میں روپے کو سستا اور دنیا میں رسوا کیا ہے، آج سارے ملک کا کسان چیخ رہا ہے، وہ اب سڑکوں پر کھڑے ہوں گے، ہم کسان ٹریکٹر ریلیاں نکال رہے ہیں۔

 رہنما پیپلزپارٹی نے کہا کہ کیا حکمرانوں نے پاکستان کی کھاد بیرون ملک اسمگل کردی ہے؟ پنجاب میں کھاد کی بوری 11000روپے میں بھی نہیں مل رہی۔

 شازیہ مری نے کہا کہ پیپلز پارٹی سانحہ مری کی تحقیقاتی رپورٹ مسترد کرتی ہے، پیپلز پارٹی سانحہ مری کی جوڈیشل تحقیقات کا مطالبہ کرتی ہے، سانحہ مری پر تحقیقاتی رپورٹ نہ ہی شفاف اور نہ انصاف پر مبنی ہیں۔

قومی خبریں سے مزید