• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اوورسیز پاکستانی صحافی اہم کردار ادا کررہے ہیں، گورنر پنجاب

انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف پاکستانی جرنلسٹس کی جانب سے نئے سال کی آمد پر پہلی آن لائن کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان کے صوبہ پنجاب کے گورنر چوہدری محمد سرور کو مدعو کیا گیا تھا۔

چوہدری محمد سرور نے بیرون ممالک مقیم صحافیوں کی تنظیم انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف پاکستانی جرنلسٹس کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ایک اہم پلیٹ فارم ہے جہاں پر دنیا بھر میں مقیم پاکستانی صحافی جمع ہیں اور صحافتی امور کے ذریعے پوری دنیا میں پاکستان کا مثبت چہرہ نمایاں کرنے میں اپنا اہم کردار ادا کررہے ہیں۔

آن لائن کانفرنس میں دنیا کے 30 ممالک میں مقیم پاکستانی صحافیوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر گورنر پنجاب چوہدری سرور کا مزید کہنا تھا کہ وہ اوورسیز پاکستانی صحافیوں کے کردار سے بخوبی واقف ہیں۔ انہوں نے ہمیشہ دیار غیر میں رہتے ہوئے جہاں اپنی کمیونٹی کی سرگرمیوں کو نمایاں کرکے ان کی خدمت کی ہے، وہیں پاکستان کی سفارتکاری کے فروغ اور مختلف ایشوز پر پاکستان کے موقف کو بھی بہتر انداز میں دنیا تک پہنچایا ہے، جس کو وہ قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف پاکستانی جرنلسٹس کی کاکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ تنظیم کے ارکان کی حوصلہ افزائی کے لئے حکومتی سطح پر اقدامات کیے جائیں گے۔ گورنر ہاؤس پنجاب کے دروازے جہاں اوورسیز پاکستانیوں کے لئے کھلے ہیں وہیں دنیا بھر میں مقیم پاکستانی صحافیوں کو بھی گورنر ہاؤس میں خوش آمدید کہا جائے گا۔

انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف پاکستانی جرنلسٹس کے ارکان پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی، جو صحافی کو درپیش مسائل کے حوالے سے سفارشات مرتب کرے گی اور ہر سال تعریفی ایوارڈ کے لئے صحافیوں کو نامزد کرے گی اس کے علاوہ دیگر امور بھی شامل رہیں گے۔

آن لائن کانفرنس سے انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف پاکستانی جرنلسٹس کے چیرمین وسیم چوہدری، صدر شاہد چوہان، سینئر نائب صدر خرم شہزاد، جنرل سیکرٹری مہوش خان سمیت دیگر نے جہاں تنظیم کےاغراض و مقاصد کو بیان کیا وہیں بتایا کہ IAPJ پوری دنیا میں مقیم پاکستانی صحافیوں کی سب سے بڑی اور اہم تنظیمی ڈھانچے کے طور پر کام کر رہی ہے، جس میں ورکنگ جرنلسٹس اپنے صحافتی امور کو باخوبی احسن طریقے سے انجام دے رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ہماری ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ دنیا بھر سے پاکستان کے تعلقات میں ایک پل کا کردار ادا کریں، تنظیمی ڈھانچے میں یہ کردار مزید موثر اور فعال ہوا ہے اور دیار غیر میں مقیم صحافی پہلے سے زیادہ متحرک ہوئے ہیں۔

اس کے علاوہ IAPJ کا مقصد صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل کے لئے کوشش کرنا ہے اور جس طرح گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے مسائل کے حل کے علاوہ حکومتی سطح پر صحافیوں کے کردار کو سراہے جانے کی یقین دہانی کروائی ہے۔ اس سے یقینی طور پر بہتری آئے گی اور صحافی برادری مزید بہتر انداز میں کام کر سکے گی۔

آن لائن کانفرنس میں تلاوت و نعت خوانی کی سعادت فنانس سیکرٹری وسیم بٹ نے حاصل کی جبکہ صحافیوں کی جانب سے کیے گئے سوالات کے گورنر پنجاب نے جوابات دیے اور مختلف مسائل کے حل کی یقین دہانی بھی کروائی۔

قومی خبریں سے مزید