لاہور میں بینکنگ جرائم کی عدالت نےمسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز کی منی لانڈرنگ کیس میں عبوری ضمانتوں میں توسیع کا تحریری حکم جاری کر دیا، تحریری حکم میں کہا گیا کہ کورونا مثبت رپورٹ کے باعث شہباز شریف کی حاضری معافی کی درخواست منظور کی گئی ہے۔
بینکنگ جرائم کی عدالت کے جج سردار طاہر صابر نے تحریری حکم جاری کیا، تحریری حکم میں کہا گیا کہ ایف آئی اے نے ملزمان کو عبوری ضمانت کیلئے مناسب وقت دینے کی درخواست پر اعتراض نہیں کیا۔
اسپیشل سینٹرل عدالت میں فاضل جج کےرخصت پرچالان ایف آئی اے حکام کوواپس کردیا گیا اور ڈیوٹی جج نے کہاکہ ایف آئی اے حکام متعلقہ جج کو چالان جمع کروائیں جبکہ شہباز شریف 28 جنوری تک اسی عدالت میں عبوری ضمانت دائر کریں۔
تحریری حکم کے مطابق ایف آئی اے پراسیکیوٹرنےعدالت کو بتایا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کےخلاف متعلقہ عدالت میں چالان جمع کرانے سے پہلے ایک میٹنگ لازم تھی۔
ڈائریکٹر قانون ایف آئی اے کے کورونا میں مبتلا ہونے کے سبب چالان متعلقہ عدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔