• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان سڑکوں پر آیا تو واقعی بہت خطرناک ہوگا، شیخ رشید


وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ عمران خان سڑکوں پر آ گیا تو واقعی بہت خطرناک ہوگا، اپوزیشن پیچھے نہ ہٹے ، 23 مارچ کو اسلام آباد ضرور آئے، اپوزیشن اس دن اپنا سا منہ لے کر واپس جائے گی، یہ لوگ سیاسی شکست کھائیں گے۔

شیخ رشید نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ 23 مارچ حساس دن ہے، اپوزیشن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ اسلام آباد کیا کرنے آرہے ہیں؟ کیا ایجنڈا ہے؟

انہوں نے کہا کہ 23 مارچ کوسڑکیں بند ہونگی، اپوزیشن اپنا شوق پورا کرلے، ممکن ہے کہ 23 مارچ کو موبائل فون سروس بھی بند ہو، اسلامی دنیا کے سینکڑوں وزرائے خارجہ اسلام آباد آرہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن 23 مارچ کو آئے، اس کو سیاسی شکست اور ذلت نصیب ہوگی،یہ 23 مارچ کو اسلام آباد آئیں ہم کوئی مسئلہ پیدا نہیں کریں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ساڑھے تین سال میں کسی بل پر اپوزیشن حکومت کو شکست نہیں دے سکی ہے، آپ کو مالیاتی بل پر بھی شکست ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن پہلے استعفوں اور پھر عدم اعتماد سے بھاگ گئی، اپوزیشن سے ہونا کچھ نہیں، عمران خان کی خوش قسمتی ہے کہ ایسی نالائق اپوزیشن ملی ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ اپوزیشن نے ساڑھے تین سال میں کیا کیا؟ صرف عمران خان کے خلاف غیر ذمہ دارانہ بیانات دیئے ہیں، عوام ساڑھے تین سال سڑکوں پر نہیں نکلی، ٹریکٹر ٹرالی پر بھی کوئی عوام نہیں نکلی۔

ان کا کہنا تھا کہ صدارتی نظام اور ایمرجنسی کا معاملہ کابینہ میں نہیں آیا، 3 مارچ کو وزیراعظم چین جارہے ہیں، اچھے نتائج نکلیں گے۔

شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان ایماندار آدمی ہیں، ان کے اور اسٹیبلشمنٹ کے بہت اچھے تعلقات ہیں، اپوزیشن کو پتہ لگ جائے گا، ابھی انہیں سمجھ نہیں آ رہی، آپ نے سڑکوں کا انتخاب کیا ہے انشاء اللّٰہ آپ ذلیل و خوار ہونگے۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹرانسپیرنسی کی رپورٹ پر فواد چوہدری تفصیلی جواب دیں گے، عمران خان کنفیوژ نہیں ہیں، ابھی صحت کارڈ پر تقریر کی ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن نے کل بڑی عجیب بات کی ہے کہ مکھی کی طرح عمران خان کو نکالیں گے، یقین سے کہتا ہے عمران خان کے پاس عوامی طاقت ہے،عمران خان نے خطرناک ہونے کا میسج اپوزیشن کو دیا ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ نالائق اپوزیشن نے عمران خان پر غیر ذمہ دارانہ الزامات لگائے ہیں، سانحۂ مری پر افسوس ہے، میں وہاں خود دو دن تک موجود تھا، یہ بھی کہا کہ سانحے کے وقت مشینیں کیوں کھڑی تھیں؟ کام ہونا چاہیے تھا۔

قومی خبریں سے مزید