اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی اور مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ راوی اربن منصوبے کو عمران خان کے جھوٹ کی اگلی قسط قرار دے دیا۔
لاہور سے جاری بیان میں حمزہ شہباز نے کہا کہ راوی اربن منصوبے کو لاہور ہائی کورٹ نے غیر آئینی قرار دیا ہے، معزز عدالت نے کہا کہ منصوبے کے لیے قانونی تقاضے پورےنہیں کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ منصوبے کے لیے قیمتی زرعی زمین ہتھیائی جارہی تھی اور کسان سراپا احتجاج تھے، اربوں ڈالر آمدن اور لاکھوں افراد کے لیے روزگار پیدا کرنے کے دعوے کیے گئے۔
اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی نے مزید کہا کہ یہ عمران خان کے 50 لاکھ گھر اور 1 کروڑ نوکریوں کے جھوٹ کی اگلی قسط تھی۔
اُن کا کہنا تھا کہ منصوبے کے ماحولیاتی اثرات کو بری طرح نظر انداز کیا گیا، راوی منصوبے میں بٹورے گئے پیسے مہنگائی کم کرنے، عوام کو ریلیف دینے پر خرچ ہونے چاہئیں۔
حمزہ شہباز نے یہ بھی کہا کہ منصوبے کے بلند و بانگ دعووں، خوشنما تصویروں سے بدنیتی اور فراڈ کی بو آرہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس قسم کا کوئی بھی منصوبہ تمام طبقات کی مشاورت کے بغیر نہیں ہونا چاہیے، ماہرین ماحولیات کی رائے کے بغیر ایسے کسی منصوبے پر کام شروع نہیں ہونا چاہیے تھا۔