اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ سے ملاقات کی ہے۔
ترجمان جمعیت علماء اسلام اسلم غوری کے مطابق مولانا فضل الرحمان اور لیاقت بلوچ کی ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق ملاقات میں پی ٹی آئی حکومت کے حالیہ منی بجٹ اور اسٹیٹ بینک ترمیمی بل پاس ہونے کے بعد کی صورتحال پر بھی بات چیت ہوئی۔
اسلم غور ی کے مطابق لیاقت بلوچ اور مولانا فضل الرحمان کی ملاقات میں بڑھتی مہنگائی اور ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔
دوران ملاقات مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے حکومت کی مصنوعی ایمانداری کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے، 2022 نااہل حکمرانوں کا آخری سال ہے۔
اس موقع پر لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکومت کے احتساب کا نعرہ بھی عمران خان کی طرح کھوکھلا نکلا، نااہل حکمرانوں کے خلاف ملک بھر میں 101 دھرنے دیے جائیں گے۔