• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیسہ خوشی نہیں صرف عارضی سکون دیتا ہے: زید علی

پاکستانی نژاد کینیڈین یوٹیوبر اور کامیڈین زید علی نے کہا ہے کہ پیسہ آپ کو کبھی خوشی نہیں دے گا بلکہ یہ آپ کو صرف عارضی سکون فراہم کرے گا۔

سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر زید علی نے اپنے بیٹے ازیان کے ہمراہ اپنی نئی تصویر شیئر کی جس کو ایک معنی خیز کیپشن دیا۔

زید علی نے کہا کہ ’میں ہمیشہ سوچتا تھا کہ پیسہ آپ کی خوشیاں خرید سکتا ہے، مجھے یاد ہے جب میں 18 سال کا تھا اور میں نے اپنی ڈریم کار خریدی تھی، میں نے سوچا کہ یہ کار مجھے دنیا کا سب سے خوش انسان بنا دے گی،  اس کار نے مجھے خوش کیا لیکن صرف چند دنوں کے لیے۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’کچھ ہفتوں بعد، میں اپنی اس کار سے بور ہو چکا تھا اور کچھ بہتر کرنا چاہتا تھا۔‘

یوٹیوبر نے کہا کہ ’کچھ سال بعد، میں نے اپنی دوسری ڈریم کار خریدی، میں امید کر رہا تھا کہ یہ وہ کار ہوگی جو مجھے خوش کر دے گی لیکن یہ خوشی بھی مختصر رہی۔‘

زید علی نے کہا کہ ’میری پوری زندگی میں سوچتا تھا کہ یہ چیزیں مجھے خوشی دیں گی لیکن ایسا کچھ نہیں ہوا۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’18 اگست 2021 کو، مجھے واقعی خوشی ملی جب میرا بیٹا ازیان پیدا ہوا، وہ کسی سے خریدا نہیں تھا، اس کی کوئی قیمت نہیں تھی، وہ قدرتی طور پر اللّہ تعالیٰ کی طرف سے ہمیں تحفے میں دیا گیا تھا۔‘

یوٹیوبر نے کہا کہ ’جس دن سے وہ پیدا ہوا ہے ہر ایک دن اس نے میرے لیے ایسی خوشی دی ہے جسے میں الفاظ میں بیان نہیں کر سکتا۔‘

زید علی نے یہ بھی کہا کہ ’ہم زندگی میں اکثر غلط مقاصد کا پیچھا کرتے ہیں اور اپنے اردگرد کے ماحول کو نظر انداز کر دیتے ہیں جو ہمیں حقیقی خوشی لاتے ہیں۔‘

اُن کا کہنا تھا کہ پیسہ آپ کو خوشی کبھی نہیں  دے گا بلکہ یہ آپ کو صرف عارضی سکون فراہم کرے گا۔‘

اُنہوں نے مزید کہا کہ ’اپنے پیاروں کے ساتھ وقت گزاریں اور یادیں بنائیں، یہی وہ لمحات ہوں گے جو آپ کو یاد رہیں گے۔‘

واضح رہے کہ گزشتہ برس زید علی اور یمنیٰ زید کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی، بیٹے کا نام جوڑے نے ازیان علی زید رکھا تھا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید