• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 8 وکٹوں سے کامیاب، کراچی کنگز کو پھر شکست

احس علی نے ناقابلِ شکست 57 رنز کی اننگز کھیلی - فوٹو بشکریہ پی سی بی
احس علی نے ناقابلِ شکست 57 رنز کی اننگز کھیلی - فوٹو بشکریہ پی سی بی

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں سیزن کے چوتھے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے شاندار آل راؤنڈ پرفارمنس کی بدولت کراچی کنگز کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔

نسیم شاہ کی تباہ کن بولنگ کے سامنے کراچی کنگز کی ٹیم صرف 113 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی، جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ہدف صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر 16ویں اوور میں پورا کرلیا۔ 

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوپننگ بیٹرز نے 76 رنز کی پارٹنرشپ بناکر کراچی کنگز سے میچ دور کردیا تھا۔ 

سرفراز احمد نے تین گیندوں پر تین چوکوں کے ساتھ میچ ختم کیا - فوٹو بشکریہ پی سی بی
سرفراز احمد نے تین گیندوں پر تین چوکوں کے ساتھ میچ ختم کیا - فوٹو بشکریہ پی سی بی

احسن علی نے پھر نصف سنچری جڑدی اور 57 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ گزشتہ میچ کے ہیرو ول اسمیڈ نے 30 رنز کی اننگز کھیلی۔ 

اختتامی لمحات میں کپتان سرفراز احمد نے ناقابلِ شکست 16 رنز بناکر ٹیم کو ایونٹ میں پہلی کامیابی دلوادی۔

کراچی کنگز بیٹنگ:

نسیم شاہ نے اپنی تیز اور سوئنگ گیند بازی سے یکے بعد دیگرے کراچی کنگز کے اہم کھلاڑیوں کو آؤٹ کرتے ہوئے صرف 20 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

نسیم شاہ نے 20 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا - فوٹو: بشکریہ پی سی بی
نسیم شاہ نے 20 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا - فوٹو: بشکریہ پی سی بی

کراچی کنگز کی جانب سے صرف کپتان بابر اعظم 32، عامد وسیم 26 اور عامر یامین 20 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ ان کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی قابلِ ذکر کارکردگی نہیں دکھا سکا۔ 

نسیم شاہ کے علاوہ سہیل تنویر نے دو جبکہ محمد حسنین، محمد نواز اور جیمز فولکنر نے ایک ایک وکٹ لی۔

مین آف دی میچ: 

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے نسیم شاہ کو عمدہ بولنگ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ 

ٹاس:

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے اس میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 

کراچی کنگز کی ٹیم میں عماد وسیم کی واپسی ہوئی ہے، جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ 

ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کپتان کوئٹہ گلیڈی ایٹریز سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ کوشش کریں گے کہ اچھی بولنگ کریں۔

کراچی کنگز کے کپتان نے بتایا کہ 180 یا 190 رنز بنانے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ عماد وسیم کو عمید آصف کی جگہ ٹیم میں شامل کیا ہے۔

خیال رہے کہ دونوں ٹیمیں ایونٹ میں اپنی پہلی فتح کی تلاش میں ہیں، جہاں کوئٹہ گلیڈی ایٹررز کو پشاور زلمی جبکہ کراچی کنگز کو ملتان سلطانز نے زیر کیا تھا۔ 

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز:

میچ کے لیے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی حتمی الیون میں کپتان سرفراز احمد، ول اسمیڈ، احسن علی، بین ڈکیٹ، افتخار احمد، محمد نواز، سہیل تنویر، جیمز فولکنر، عاشر قریشی، محمد حسنین اور نسیم شاہ شامل تھے۔

کراچی کنگز:

کراچی کنگز کی ٹیم میں کپتان بابر اعظم، شرجیل خان، جو کلارک، محمد نبی، ٹام لمونبے، لوئس گریگوری، عامر یامین، محمد عمران، محمد طحہٰ، عماد وسیم اور محمد الیاس شامل تھے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید