پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے ان کی نجی زندگی پر بات کرنیوالوں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں شعیب ملک نے کہا کہ میری اپیل ہے کہ ذاتی زندگی کے حوالے سے قیاس آرائیاں اور جوکس بند کردیں، ورنہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
اپنے پیغام میں شعیب ملک نے کہا کہ ان کی پہلی شادی 2023 میں ختم ہوئی اور باہمی رضامندی سے انہوں نے اپنے بچے کی مشترکہ پرورش کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس کے بعد ہی وہ دوبارہ شادی کے بندھن میں بندھے۔
انہوں نے بتایا کہ وہ ہمیشہ اپنی ذاتی زندگی کو نجی رکھتے آئے ہیں، لیکن اب ان کی خاموشی کا بعض افراد نے غلط استعمال کیا ہے۔
شعیب ملک نے واضح کیا کہ ان کی موجودہ اہلیہ پر بھی بے بنیاد تنقید کی گئی، جو ناقابل قبول ہے کیونکہ ان کی اہلیہ ان معاملات میں شامل نہیں تھیں۔
انہوں نے عوام اور مداحوں سے اپیل کی کہ وہ ان کی ذاتی زندگی یا کسی اور کی ذاتی زندگی کے بارے میں غلط معلومات پھیلانے سے گریز کریں۔
شعیب ملک نے کہا کہ عوامی شخص ہونے کے ناطے تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے، لیکن پرائیویسی کی خلاف ورزی یا ساکھ کو نقصان پہنچانا حد سے تجاوز ہے۔
آخر میں انہوں نے واضح کیا کہ غلط معلومات پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
خیال رہے کہ کرکٹر کی جانب سے یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب شعیب ملک کی ذاتی زندگی پر سوشل میڈیا پر مختلف افواہیں گردش کر رہی تھیں، جس پر انہوں نے عوامی طور پر اپنی اور اپنے خاندان کی حفاظت کے لیے سخت موقف اختیار کیا ہے۔