پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے وفاقی حکومت سے ڈیم فنڈز کے لیے جمع کیے گئے چندے کا حساب مانگ لیا۔
عمر کوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے ڈیم کے لئے جمع کیے گئے چندے کا پارلیمنٹ میں حساب دیا جائے، ڈیم کےلیےجمع پیسوں کا کوئی حساب نہیں کہ کہاں گئے؟
خورشید شاہ نے کہا کہ کھاد کے بحران سے مافیا کو چانس ملا جسے وفاقی حکومت کنٹرول کرتی ہے، بلاول بھٹو کا نظریہ واضح ہے کہ پاکستان کو معاشی ہتھکڑیاں لگ رہی ہیں۔
پی پی رہنما نے کہا کہ سینیٹ میں اسٹیٹ بنک بل پر ہمارا غیر سنجیدہ رویہ فکر کی بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے 20 کروڑ عوام کو دھوکہ اور لالچ دے کر ووٹ لیا، عمران خان اور ان کی پارٹی کے خلاف عوام سے دھوکہ دہی کی تحقیقات ہونی چاہیے۔