• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

104 ممالک کا دورہ کر کے پاکستان آیا جاپانی نوجوان راستہ بھٹک کر کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن جاپہنچا جسے پولیس نے حفاظتی تحویل میں لے کر فارنرز سیکورٹی سیل کے حوالے کردیا۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس ویسٹ سہائی عزیز نے ’’جنگ‘‘ کو بتایا کہ تاماذاکی تاکیویا نامی ایک جاپانی شہری اورنگی ٹاؤن کے علاقے میں گھومتا ہوا پایا گیا، جسے گشت کرنے والے پولیس اہلکاروں نے پوچھ گچھ کیلئے روکا اور غیرملکی ہونے کی بنا پر اعلیٰ افسران کو آگاہ کر کے اسے اورنگی ٹاؤن میں واقع ایس ایس پی ویسٹ دفتر پہنچا دیا۔

ایس ایس پی سہائی عزیز کے مطابق تاماذاکی تاکیویا کراچی کے علاقوں سے ناواقف تھا جو گھومتے پھرتے اورنگی ٹاؤن آگیا تھا۔ ایس ایس پی ویسٹ آفس میں پولیس نے اس کی مہمان نوازی کی اور پھر اسے بحفاظت غیرملکیوں کی سیکورٹی کیلئے قائم پولیس کے سیل پہنچا دیا گیا۔

جاپان قونصلیٹ نے جاپانی شہری کی مدد کرنے پر پولیس کی تعریف اور شکریہ ادا کیا ہے۔

جاپان قونصلیٹ کے ذرائع کے مطابق تاماذاکی تاکیویا دنیا کی سیر پر نکلا ہے جو اب تک 104 ممالک کا دورہ کرچکا ہے۔ وہ کراچی گھوم چکا ہے اور اب پاکستان کے دیگر علاقوں کے دورے پر روانہ ہوگا۔

قومی خبریں سے مزید