وبائی ایّام میں ریسٹورینٹس، ہوٹلز کے کھانوں سے تو ہر ممکن اجتناب ہی برتا جائے۔ اور چُھٹی کے دِن اگر کچھ اسپیشل کھانے کا موڈ ہو، تو اس کا آسان سا حل یہ ہے کہ گھر ہی میں کچھ ایسا لذیذ اور روٹین سے ہٹ کر پکالیا جائے کہ باہر کا کھانا کھانے کو جی ہی نہ چاہے۔ تو پھر آج اہلِ خانہ کی تواضع بوہرہ پکوان سے ہوجائے۔
بوہرہ ٹماٹر کارن سُوپ
اجزاء: ٹماٹر (اچھی طرح دھو کر کاٹ لیں) آدھا کلو، مکھن چار چائے کے چمچ، لال مرچ پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، فریش کریم حسبِ ضرورت، نمک حسبِ ذائقہ، پانی چار کپ، مکئی (پیالے میں نکال لیں)ایک چھوٹاپیکٹ اور کارن فلور تین چائے کے چمچ۔
ترکیب: ایک پتیلی میں پانی لے کراس میں ٹماٹر اور نمک ڈال کر گلنے کے لیے رکھ دیں۔ جب ٹماٹر اچھی طرح گل جائیں تو بلینڈر میں ڈال کر بلینڈ کرلیں۔ اب ایک الگ برتن میں مکھن ڈال کر گرم کریں اور اس میں کارن فلور ڈال کر تھوڑا سا بھون لیں۔اس کے بعد ٹماٹر کا رس، مکئی، لال مرچ ڈال کر ایک اُبال آنے دیں۔پھر اس کے بعد حسبِ ضرورت پانی ڈال کر ہلکی آنچ پر پکنے دیں۔ جب سُوپ گاڑھا ہوجائے،تو چولھا بند کردیں۔ اور باؤل میں نکال کر اس میں فریش کریم مِکس کردیں۔
بوہرہ چکن
اجزاء: چکن(بون لیس) آدھا کلو، لہسن، ادرک کا پیسٹ ایک ایک چائے کا چمچ، لال مرچ پاؤڈر ایک کھانے کا چمچ، تکہ مسالا ایک چائے کا چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، کیچپ ایک کپ، کاجو پیسٹ ایک کپ، فریش کریم ایک کھانے کا چمچ ،مکھن دو کھانے کے چمچ، کوئلہ ایک عدد اور تیل تین سے چار کھانے کے چمچ۔
ترکیب: ایک پتیلی میں تیل گرم کرکے اس میں مکھن ڈال کر اچھی طرح بُھون لیں۔ پھر اس میں چکن، ادرک ،لہسن کا پیسٹ شامل کرکے مزید بھونیں۔ تھوڑی دیر بعد تکہ مسالا، لال مرچ ،نمک اور کیچپ ڈال کر بھونیں۔ اس کے بعد کاجو کا پیسٹ ڈال کر تھوڑا سا مزید بھون لیں۔ آخر میں کریم ڈال کر 10 منٹ کے لیے دَم پر رکھ دیں۔بعد ازاں، کوئلے کا دھواں دے دیں۔ مزے دار بوہرہ چکن تیار ہے۔
بوہرہ کباب
اجزاء: مرغی کا قیمہ آدھا کلو، پیاز (باریک کاٹ لیں)ایک عدد، ہری مرچ کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچ، ادرک کا پیسٹ ایک چائے کاچمچ، نمک حسبِ ذائقہ، گرم مسالا پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ، سفید زیرہ پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، ہرا دھنیا (باریک کاٹ لیں) حسبِ ضرورت، انڈے (پھینٹ لیں) دو عدد، بریڈ کرمبزحسبِ ضرورت، تیل حسبِ منشاء، سلاد کے پتّے اور ٹماٹر سجاوٹ کے لیے۔
ترکیب: ایک باؤل میں چکن کا قیمہ، ہری مرچ، نمک، گرم مسالا، سفید زیرہ، ادرک، ہرا دھنیا، پیاز اور تھوڑے سے بریڈ کرمبز اچھی طرح مِکس کرکے چوپر میں پیس لیں۔ نکال کے کباب بنائیں اور اب کباب پہلےانڈے کے آمیزے میں ڈبوئیں، پھر بریڈ کرمبز میں لپیٹ کر گولڈن فرائی کر لیں۔ دستر خوان پر چُننے سے قبل ٹماٹر اور سلاد کے پتّوں سے سجالیں۔
بوہرہ کاجو کھیر
اجزاء: دودھ ایک لیٹر، مکھن دو کھانے کے چمچ، الائچی پائوڈر آدھا چائے کا چمچ، ثابت کاجُو پانچ کھانے کے چمچ، بادام (چھیل کر درمیان سے دو ٹکٹرے کرلیں) دس عدد، پستہ(درمیان سے دو ٹکٹرے کرلیں) پندرہ عدد، چینی حسبِ ضرورت، کھویا تین کھانے کے چمچ، بادام اور پستہ (باریک کترا ہوا) حسبِ ضرورت۔
ترکیب: ایک پتیلی میں میں مکھن ڈال کر گرم کرلیں۔پھر اس میں کاجُو ڈالیں اور اچھی طرح بُھون کر ایک طرف رکھ دیں۔ اب اسی برتن میں دودھ لے کر دس منٹ تک ہلکی آنچ پر پکنے دیں۔ اب اس میں بادام، پستہ، الائچی پائوڈر اور چینی مِکس کرکے دو منٹ تک بھونیں۔ پھر فرائی کاجُو ڈال کر پانچ منٹ تک مزید پکنے دیں۔ آخر میں کھویا ڈال کر اُتنا پکائیں کہ دودھ آدھا رہ جائے۔ تیار ہونے پر بادام، پستے چِھڑک دیں۔ (شائستہ فیض،لاہور)