• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کپل شرما کو سنیل گروور سے جوابی پیغام آنے کی امید نہیں

معروف بھارتی کامیڈین سنیل گروور کو کپل شرما نے بائی پاس سرجری کے بعد پیغام بھیجا ہے لیکن انہیں جواب آنے کی امید نہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق کپل شرما نے ساتھی اداکار سنیل گروور کے لیے اپنی تشویش کا اظہار کیا، جن کی حال ہی میں بائی پاس سرجری ہوئی ہے۔

کامیڈین سنیل گروور کی صحت سے متعلق مداحوں، دوستوں اور انڈسٹری سے وابستہ لوگ کافی فکر مند ہیں۔

اسی فہرست میں کامیڈین کے پرانے دوست اور ساتھی اداکار کپل شرما بھی شامل ہیں، جنہوں نے دلی تشویش ظاہر کی۔

کپل شرما اور سنیل گروور نے ’کامیڈی نائیٹس ود کپل شرما‘ شو کے پہلے سیزن میں ایک ساتھ کام کیا۔

سنیل گروور جو بائی پاس سرجری کے بعد بدھ کو ممبئی اسپتال ڈسچارج کیے گئے، اُن کے ساتھ مبینہ طور پر 2017ء میں ایک فلائٹ کے دوران کپل شرما نے بدسلوکی کی۔

بھارتی اخبار نے کپل شرما سے استفسار کیا کہ کیا وہ سنیل گروور کی حالت سے واقف ہیں؟ تو اس پر معروف کامیڈین نے کہا کہ میں اس خبر پر صدمے میں تھا اور سنیل کی طبیعت کے لیے بہت فکر مند بھی تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں نے انہیں ایک پیغام بھیجا ہے اب جب کہ وہ اسپتال سے ڈسچارج ہوچکے ہیں تو مجھے جوابی پیغام کی امید نہیں ہے۔

کپل شرما نے یہ بھی کہا کہ ان کو بہت چھوٹی عمر میں دل کا آپریشن کروانا پڑگیا، لیکن وہ جلد ہی صحتیاب ہوجائیں گے، میں نے ہم دونوں کے مشترکہ دوست سے ان کی صحت دریافت کی ہے۔

معروف کا میڈین کا کہنا تھا کہ ہم کافی عرصے سے ایک ساتھ انڈسٹری میں کام کررہے ہیں، ہمارے بہت سے مشترک دوست بھی ہیں، میں باقاعدہ سے ان کی خیریت دریافت کرتا رہتا ہوں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید