• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مولانا فضل الرحمٰن کے بھائی کیخلاف کارروائی کیلئے KP حکومت کو خط

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی پر جے یو آئی ف اور اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کے بھائی ضیاء الرحمٰن کے خلاف کارروائی کے لیے کے پی حکومت کو خط لکھا ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے سرکاری افسر ضیاء الرحمٰن کے خلاف کارروائی کے لیے چیف سیکریٹری خیبر پختون خوا کو مراسلہ لکھا گیا ہے۔

خط میں الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ ضیاء الرحمٰن نے 3 فروری کو جے یو آئی ف کی الیکشن مہم میں شرکت کی تھی، ضیاء الرحمٰن نے ڈی آئی خان تحصیل کے میئر کے امید وار کفیل نظامی کے حق میں خطاب بھی کیا۔

الیکشن کمیشن کا اپنے مراسلے میں کہنا ہے کہ کوئی سرکاری ملازم انتخابات یا انتخابی عمل میں حصہ نہیں لے سکتا۔

مراسلے میں الیکشن کمیشن کی جانب سے چیف سیکریٹری خیبر پختون خوا کو ضیاء الرحمٰن کے خلاف محکمانہ کارروائی کرنے کے لیے کہا گیا ہے۔

صوبائی الیکشن کمشنر کے پی نے یہ مراسلہ ڈی ایم او ڈی آئی خان کی رپورٹ اور نوٹس لینے پر بھیجا ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ڈی آئی خان میں میئر کی سیٹ کے لیے 13 فروری 2022ءکو الیکشن ہو رہے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید